پرسنل لاءبورڈ کا اجلاس آج، طلاق ثلاثہ بل اور ماڈل نکاح نامہ پر غور ہوگا

طلاق ثلاثہ بل لوک سبھا سے صوتی ووٹ سے منظورہو چکا ہے اور راجیہ سبھا سے یہ بل ابھی منظور ہونا باقی ہے ۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا دو روزہ اجلاس حید رآباد میں شروع ہو گیا ہے ۔ اس اجلاس میں سب سے پہلے پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے طلاق ثلاثہ سے متعلق اس بل پر بحث ہوگی جس کوجرم کے خانے میں لایا گیا ہے اور اس میں جو سزا تجویز کی گئی ہے۔ بابری مسجد معاملہ پر بھی اس میٹنگ میں تفصیل سے بحث ہوگی ۔ اس میٹنگ میں ان عدالتی معاملوں پر بھی غور کیا جائے گا جو زیر التوا ہیں ۔

حیدر آباد میں جاری اجلاس میں ماڈل نکاح نامہ پر بھی تفصیل سے غور کیا جائے گا ۔ اگر ماڈل نکاح نامہ پر بورڈ نے مہر لگا دی تو نکاح نامہ میں طلاق دینے کے طریقےکو بھی اس میں شامل کیا جائے گا جو ہندوستان میں پہلی مرتبہ ہوگا اور جس کی ضرورت بہت سالوں سے محسوس کی جا رہی تھی ۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
حیدرآباد میں اجلاس کیلئے جاتے شرکاء

واضح رہے طلاق سے متعلق جو بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا ہے اس پر بورڈ نے وزیر اعظم سے ملنے کے لئے وقت مانگا تھا لیکن ابھی تک وزیر اعظم دفتر سے بورڈ کو کوئی وقت نہیں دیا گیا۔ یہ بل لوک سبھا سے صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا تھا اور راجیہ سبھا سے یہ بل ابھی منظور ہونا باقی ہے ۔ بل کی تمام حلقوں میں مخالفت ہو رہی ہے اور اس میں تبدیلی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ راجیہ سبھا بھی بل کو منظوری سے پہلے سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنا چاہتا ہے ۔

مولاناسجاد نعمانی نے بتایا کہ ’’ اس سلسلے میں بہت پہلے ہی وزیر اعظم کو خط لکھا تھا لیکن ابھی تک ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا ہے‘‘۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ان سے ملاقات کر کے متعلقہ بل کے نقائص کے بارے میں بات کر نا تھا ۔ لیکن وزیر اعظم نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
اجلاس سے ایک روز قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی ساتھ میں اسدالدین اویسی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Feb 2018, 12:33 PM