اب لارنس بشنوئی کے نام پر بک کی گئی کیب سلمان کے گھر پہنچ گئی، بک کرانے والا شخص گرفتار
اس واقعہ نے ممبئی پولیس کی نیند اڑا دی ہے، تاہم پولیس نے بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام پر ٹیکسی بک کرنے والے مجرم کو اتر پردیش کے غازی آباد ضلع سے گرفتار کر لیا ہے۔
سپر اسٹار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کے بعد بھی سماج دشمن عناصر باز نہیں آرہے ہیں۔ جمعہ کو اس وقت ہلچل مچ گئی جب گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام پر بک کی گئی ایک ٹیکسی گلیکسی اپارٹمنٹ پہنچی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی وہاں موجود چوکیدار نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کیب ڈرائیور کو حراست میں لے لیا اور بکنگ کی معلومات اکٹھی کی اور پھر بک کرانے والے کو اتر پردیش سے گرفتار کر لیا۔
اس واقعہ نے ممبئی پولیس کی نیند اڑا دی ہے اور ممبئی پولیس ایلرٹ ہو گئی ہے۔ تاہم پولیس نے بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام پر ٹیکسی بک کرنے والے مجرم کو اتر پردیش کے غازی آباد ضلع سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم طالب علم بتایا جاتا ہے۔ یہ گرفتاری ممبئی پولیس نے غازی آباد سے کی ہے۔ ملزم کی عمر 20 سال بتائی جاتی ہے۔
دراصل، ملزم نوجوان نے اداکار سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ سے باندرہ پولیس اسٹیشن جانے کے لیے لارنس بشنوئی کے نام سے اولا کیب بک کرائی تھی۔ جب اولا ڈرائیور گاڑی کے ساتھ سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ پہنچا اور وہاں موجود چوکیدار سے بکنگ کے بارے میں پوچھا تو چوکیدار حیران رہ گیا اور فوراً باندرہ پولیس کو اطلاع دی۔
یہ جان کر پولیس بھی حیران رہ گئی۔ اس لیے پولس ٹیم فوری طور پر گلیکسی پہنچی اور ممبئی کی باندرا پولیس نے اولا کیب کے ڈرائیور سے پوچھ تاچھ کی۔ پھر جب اس سے آن لائن بکنگ کرنے والے شخص کے بارے میں معلومات لی گئی تو پتہ چلا کہ اولا کیب بک کرنے والا شخص ممبئی کا نہیں بلکہ یوپی کے غازی آباد ضلع کا رہنے والا ہے۔ جس کی شناخت 20 سالہ روہت تیاگی کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کی عمر 20 سال ہے اور وہ زیر تعلیم ہے۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق پولیس نے جب اس سے پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ اس نے یہ حرکت محض تفریح کے لیے کی تھی۔ لیکن یہ مذاق اس کے لیے بہت بھاری ثابت ہوا ۔ باندرہ پولیس نے ملزم روہت تیاگی کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے غازی آباد سے گرفتار کیا اور پھر ممبئی لے آئی۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں عدالت نے اسے دو دن کے پولیس ریمانڈ پر باندرہ تھانے کے حوالے کر دیا۔
یاد رہے کہ 14 اپریل بروز اتوار صبح 4.52 بجے سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ میں موٹر سائیکل پر سوار دو شوٹروں نے چلتی بائک سے فائرنگ کی تھی۔ ایک گولی سلمان کے گھر کی دیوار پر لگی، جب کہ ایک گولی وہاں نصب کھڑکی کے پردے کو چھید کر سلمان کے گھر کے اندر ڈرائنگ روم کی دیوار سے جا لگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔