جن اشخاص کو 'پروٹکشن' فراہم ہے وہ پی ایس اوز کے بغیر باہر نہ نکلیں: آئی جی پی کشمیر
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 'کسی بھی ایسے شخص جس کو حفاظت فراہم کی گئی ہے، کو پی ایس اوز کے بغیر باہر نہیں جانا چاہیے۔
سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں گزشتہ شب بی جے پی کونسلر کی نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد جموں و کشمیر پولیس نے ان اشخاص جن کو حفاظت فراہم کی گئی ہے، کو پی ایس اوز کے بغیر باہر نکلنے سے منع کیا ہے۔ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 'کسی بھی ایسے شخص جس کو حفاظت فراہم کی گئی ہے، کو پی ایس اوز کے بغیر باہر نہیں جانا چاہیے۔ انہیں دورے کرنے کی اجازت زمینی سطح پر مقامی خطروں کا جائزہ لینے کے بعد ہی دی جائے گی'۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایسے اشخاص کو غیر ضروری طور پر خطروں کو مول لینے سے اجتناب کرنا چاہیے اور تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔ بتا دیں کہ پلوامہ کے ترال علاقے میں بدھ کی شب قریب سوا دس بجے نامعلوم اسلحہ برادروں نے بی جے پی کے میونسپل کونسلر راکیش پنڈتا پر اندھا دھند گولیاں برسائیں، جس کے نتیجے میں وہ اور ان کے دوست کی بیٹی شدید زخمی ہو گئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق راکیش پنڈتا بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔