لوگ سوشل میڈیا پر فرقہ ورانہ تناؤ کا سبب بننے والا مواد مشتہر نہ کریں: جموں پولیس
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ سوشل میڈیا یا دوسرے کسی بھی پلیٹ فارم پر ایسی ویڈیو، آڈیو یا تصویر مشتہر نہ کریں جس سے فرقہ وارانہ تناؤ بھڑکنے کا اندیشہ ہو'۔
جموں: جموں پولیس نے لوگوں کو سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ تناؤ کا موجب بننے والا مواد مشتہر کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔ پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ سوشل میڈیا یا دوسرے کسی بھی پلیٹ فارم پر ایسی ویڈیو، آڈیو یا تصویر مشتہر نہ کریں جس سے فرقہ وارانہ تناؤ بھڑکنے کا اندیشہ ہو'۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سوشل میڈیا سائٹس پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جو ایسا کرنے کے مرتکب پائے جائیں گے۔
موصوف نے لوگوں سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'لوگوں سے گزارش ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اگر وہ کسی کو بھی سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ تناؤ بھڑکانے کا موجب بننے والا مواد اپ لوڈ کرتے ہوئے دیکھیں تو وہ پولیس کو فوراً مطلع کریں'۔ دریں اثنا بٹھنڈی کی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر پولیس نے مقامی لوگوں کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کی۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ علاقے میں حالات نارمل ہیں اور لوگوں کو افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔