لکھیم پور تشدد: دل دہلا دینے والی ایک اور ویڈیو وائرل، پہیے کی نیچے دبا کسان

اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری تشدد کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے، اس میں ٹکر مارنے والی گاڑی ’تھار‘ سے اتر کر کچھ لوگ بھاگ رہے ہیں اور پہیے کے نیچے ایک کسان دبا ہوا ہے۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری کے واقعہ کی ویڈیوز اب دھیرے دھیرے سامنے آنے لگی ہیں۔ کسانوں پر گاڑی چڑھانے والی ویڈیو کے بعد اب ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ٹکر مارنے والی گاڑی ’تھار‘ سے اتر کر کچھ لوگ بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔ تھار جہاں رکی ہے اس کے پچھلے پہیے کے پاس ایک شخص زخمی حالت میں پڑا ہے اور پیچھے کئی لوگ بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو کو کانگریس ترجمان گورو ولبھ نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا ہے اور لکھا ہے ’’وسترولوجی (کپڑوں سے انسان کو پہچاننے کا فن) کے ماہرین آج ویڈیو دیکھ کر بھی اَن داتاؤں کے قاتلوں کو نہیں پہچان پا رہے ہیں۔‘‘

سوشل میڈیا میں وائرل ہو رہی ویڈیو میں ایس یو وی ’تھار‘ میں سوار دو لوگ کسانوں کو کچلنے کے بعد گاڑی سے بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ مرکزی وزیر اجے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا نے ہی تھار کو کسانوں کے اوپر چڑھایا تھا۔ واقعہ کے بعد گاڑی سے اتر کر وہ بھاگ گیا تھا۔ کہا یہ بھی جا رہا ہے کہ ویڈیو میں تھار سے نکل کر بھاگ رہے لوگوں میں آشیش مشرا بھی ہے۔ حالانکہ مرکزی وزیر اجے مشرا کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا واقعہ کی جگہ پر نہیں تھا۔


واضح رہے کہ اس سے قبل ایک اور ویڈیو سامنے آئی تھی۔ ویڈیو میں ایک گاڑی کسانوں کو کچلتے دیکھی گئی تھی۔ اس میں صاف دیکھا گیا تھا کہ کس طرح ایک گاڑی جھنڈے اور بینر لے کر آگے بڑھ رہے کسانوں کو پیچھے سے روندتے ہوئے آگے بڑھ جاتی ہے۔ ایک کسان کار کے بونٹ پر جا گرتا ہے۔ اس کے بعد موقع پر بھگدڑ مچ جاتی ہے۔ کچھ لوگ اس سیاہ رنگ کی ایس یو وی سے کچلے جاتے ہیں، تو کچھ لوگ دھکّے سے دور جا گرتے ہیں۔ کسانوں کو روندتے ہوئے یہ ایس یو وی آگے بڑھ جاتی ہے۔ اس کے پیچھے ہی کچھ سیکنڈ کے اندر ایک دوسری کار بھی کچل کر آگے بڑھ جاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔