اٹھارہ سال سے زیادہ عمر کے افراد ٹیکہ کاری کے لئے آج سے کرا سکتے ہیں رجسٹریشن

کورونا ویکسین لگوانے کے خواہاں 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کے لئے کوون ویب پورٹل پر رجسٹریشن بدھ کی شام 4 بجے سے شروع ہوگا

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کورونا ویکسین لگوانے کے خواہاں 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کے لئے کووِن ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرانے کا سلسلہ آج شام 4 بجے سے شروع ہو رہا ہے۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس انفیکشن کے معاملوں میں اچانک آئی تیزی کے پیش نظر 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو یکم مئی سے ٹیکہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کووِن پورٹل کے علاوہ آروگیہ سیتو ایپ کے ذریعے بھی رجسٹریشن کرایا جا سکتا ہے۔ ویکسین لگوانے کے لئے وقت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عہدیداران کے مطابق ٹیکہ کاری کی شرعات میں افرا تفری سے بچنے کے لئے ویکسین مراکز پر رجسٹریشن کرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم 45 سال سے زیادہ عمر کے افراد ٹیکہ کاری مراکز پر رجسٹریشن کرانے کے بعد ٹیکہ لگوا سکتے ہیں۔


محکمہ صحت کے عہدیداران کے مطابق ’’تمام افراد کو ٹیکہ لگانے کی شروعات ہونے کے بعد ٹیکوں کی طلب میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ بھیڑ کو قابو کرنے کے لئے 18 سے 45 سال کی عمر کے تمام لوگوں کو کوون ایپ پر رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا اور ٹیکہ لگوانے کا وقت لینا بھی لازمی ہوگا۔‘‘

شروع میں ٹیکہ کاری مراکز پر رجسٹریشن کرانے کی اجازت اس لئے نہیں ہوگی تاکہ وہاں ہنگامہ آرائی نہ ہو۔ فی الحال نجی کووڈ 19 مراکز، حکومت سے ٹیکوں کی خراکیں 250 روپے فی خوراک کے حساب سے لوگوں کو دی جا رہی ہیں۔ یکم مئی سے یہ نظام ختم ہو جائے گا اور پرائیویٹ اسپتالوں کو براہ راست ٹیکہ بنانے والی کمپنوں سے اس کی ڈوز خریدنا ہوگی۔


قومی کورونا ٹیکہ کاری پالیسی کے مطابق سرکاری ٹیکہ کاری مراکز پر طبی اہلکاروں، فرنٹ لائن ورکرز اور 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے مفت ٹیکے لگائے جاتے رہیں گے۔ ٹیکہ بنانے والی کمپنوں کو یکم مئی سے پہلے کھلے بازار میں ریاستی حکومت کے لئے دستیاب ٹیکوں کی فراہمی کے لئے 50 فیصد قیمت کا پہلے ہی اعلان کرنا ہوگا۔ اسی قیمت کی بنیاد پر نجی اسپتال، صنعتی ادارے کمپنیوں سے ٹیکے خریدیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔