پلوامہ کے لوگوں کی مایوسی کا سبب ان سے کی گئی وعدہ شکنی: عمرعبداللہ

عمر عبداللہ نے کہا ’پلوامہ کے لوگوں کے ساتھ طرح طرح کے وعدے کیے گئے لیکن ان وعدوں کے بدلے یہاں کے لوگوں کو دھوکہ، خون خرابہ، مارپیٹ اور دکھ درد کے علاوہ کچھ بھی نہیں ملا‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پلوامہ: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ پلوامہ کے لوگوں کی مایوسی کی وجہ پچھلے چار برسوں کے دوران ان سے کی گئی وعدہ شکنی ہے۔

پلوامہ کے مجاہد منزل میں پارٹی کارکنوں کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا 'پلوامہ کے لوگوں کے ساتھ طرح طرح کے وعدے کیے گئے لیکن ان وعدوں کے بدلے یہاں کے لوگوں کو دھوکہ، خون خرابہ، مارپیٹ اور دکھ درد کے علاوہ کچھ بھی نہیں ملا'۔


ماہ فروری میں ہوئے پلوامہ خود کش دھماکے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا 'فروری میں جس جگہ وہ خود کش دھماکہ ہوا وہ جگہ پلوامہ کے نسبت سری نگر کے زیادہ نزدیک ہے لیکن اس دھماکے کے ساتھ بھی پلوامہ کا ہی نام جوڑا گیا'۔

عمر نے پلوامہ کے لوگوں کو فرقہ پرستی اور تعصب سے پاک ومبرا قرار دیتے ہوئے کہا 'پلوامہ کے لوگوں نے فرقہ پرستی میں کبھی یقین نہیں کیا ہے جب سال2016 میں یہاں طوفان برپا ہوا اور اونتی پورہ میں یاتریوں کی ایک بس حادثے کا شکار ہوئی تو یہاں کے لوگوں نے کرفیو، گولیوں اور گرفتاریوں کی پراہ کیے بغیر اُس بس میں سے یاتریوں کو نکال کر اسپتال پہنچایا اور وہاں ان کے ساتھ رہے'۔


انہوں نے کہا کہ پلوامہ کے لوگ ہمیشہ ترقی کے حامی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے متمنی رہے ہیں لیکن پچھلے چار برسوں کے دوران جو سلوک ان کے ساتھ روا رکھا گیا اُسی کی بدولت ان کے چہروں پر آج مایوسی ہے تاہم انہیں اپنی ناراضگی کا اظہار گھر بیٹھ کے نہیں کرنا چاہیے۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے سال 2014 کے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور ووٹ ڈالے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے پلٹ اور آنسو گیس کے لئے ووٹ نہیں ڈالے تھے لیکن ان کے ووٹوں کو کرسی کے استحکام کے لئے استعمال کیا گیا۔


بتادیں کہ اننت پارلیمانی حلقے کی پولنگ کے تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ کے لئے ضلع پلوامہ اور شوپیاں میں 6 مئی کو ووٹ ڈالے جانے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔