مودی حکومت لداخ کے لوگوں کو دھوکہ دے رہی، ہندوستان کی سیکورٹی کو بھی خطرے میں ڈالا جا رہا: ملکارجن کھڑگے
کانگریس صدر کھڑگے کا کہنا ہے کہ لداخ کے لوگ متحد ہو کر مرکز کے زیر انتظام خطہ کے لیے ریاستی درجہ اور علاقہ کے قبائلی لوگوں کے لیے سیکورٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن توجہ نہیں دی جا رہی۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکز اپنے دوستوں کو لداخ کے ماحولیات کے تئیں حساس ہمالیائی گلیشیر کا استعمال کرنے کی اجازت دے رہا ہے۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کو لداخ کے لوگوں کی الگ ریاست کے مطالبہ کو سننا چاہیے اور ان کے مفادات کی حفاظت کرنی چاہیے۔
کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ لداخ کے لوگ متحد ہو کر مرکز کے زیر انتظام خطہ کے لیے ریاست کا درجہ اور آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت علاقہ کے قبائلی لوگوں کے لیے سیکورٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن مرکزی حکومت نے لمبے چوڑے وعدے کرنے کے باوجود ان کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ ملکارجن کھڑگے نے الزام عائد کیا کہ لداخ کے ماحولیات کے تئیں حساس ہمالیائی گلیشیر کا استعمال کرنے کے خواہشمند چنندہ ’متروں‘ کو فائدہ پہنچانے کا مودی حکومت کا لالچ عیاں ہے۔ آئینی تحفظ سے محروم کر کے آپ اسٹریٹجک سرحدی علاقہ میں ہندوستان کی قومی سیکورٹی کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
واضح رہے کہ لداخ کے سرکردہ لیڈروں نے گزشتہ 15 جنوری کو مرکز کے زیر انتظام خطہ کو مکمل ریاست کا درجہ دینے اور آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت علاقہ کی سیکورٹی کے مطالبہ کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ مظاہرہ کا انعقاد لیہہ واقع ’ایپیکس باڈی آف پیپلز موومنٹ فار دی سکستھ شیڈول‘ اور ’کارگل ڈیموکریٹک ایلائنس‘ کے ذریعہ کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔