سہارنپور: عمران مسعود کے لیے روڈ شو کرنے پہنچی پرینکا گاندھی عوام کا جوش دیکھ کر ہوئیں بے حد خوش، کہا ’یہ تبدیلی کا اشارہ‘

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’سہارنپور کے باشندوں کی اس محبت سے میں حیران ہوں، یہ جوش اور جذبہ آنے والی تبدیلی کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>سہارنپور میں روڈ شو کرتی ہوئی پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

سہارنپور میں روڈ شو کرتی ہوئی پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش میں لوک سبھا کی 8 سیٹوں پر پہلے مرحلہ میں 19 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ آج شام ان سیٹوں کے لیے انتخابی تشہیر ختم ہو جائے گی، لیکن اس سے چند گھنٹے قبل کانگریس کی اسٹار پرچارک اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سہارنپور میں انڈیا اتحاد کے امیدوار عمران مسعود کی حمایت میں روڈ شو کیا۔ اس روڈ شو میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر دکھائی دی جسے دیکھ کر پرینکا بے حد خوش نظر آئیں۔

بدھ کے روز پرینکا گاندھی کا یہ روڈ شو جین باغ علاقہ سے شروع ہوا اور پھر رائے والا، جے بی ایس انٹر کالج، کمبوہ پل سے ہو کر تقریباً دو کلومیٹر کی دوری طے کرتے ہوئے مسلم اکثریتی علاقہ قطب شیر میں ختم ہوا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس روڈ شو سے متعلق پرینکا گاندھی نے ایک پوسٹ بھی کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ ’’اتر پردیش میں سہارنپور کے باشندوں کی اس محبت سے میں حیران ہوں۔ یہ جوش اور جذبہ آنے والی تبدیلی کی طرف اشارہ ہے۔‘‘ اس پوسٹ میں پرینکا یہ بھی لکھتی ہیں کہ ’’بے روزگاری اور مہنگائی سے مایوس ہو چکی عوام کو اب تبدیلی کی امید نظر آنے لگی ہے۔ یہ جوش اسی امید کی جھلک ہے۔ عوام پر ناانصافی کرنے والی بی جے پی کی وداعی طے ہے۔‘‘


آج سہارنپور میں روڈ شو کے دوران پرینکا گاندھی کھلی چھت والی گاڑی میں عمران مسعود کے ساتھ نظر آئیں۔ دونوں لیڈروں نے سڑک پر جمع بھیڑ کا ہاتھ ہلا کر استقبال کیا۔ اس بھیڑ میں برقع پوش خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد دکھائی دی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ علاقہ میں کانگریس اور عمران مسعود کے حق میں ایک لہر چل رہی ہے۔

اس روڈ شو کے دوران کانگریس کے پرچم اور غباروں کے ساتھ ساتھ سماجوادی پارٹی کا بھی پرچم دکھائی دیا۔ اپنے پسندیدہ لیڈر کو اپنے علاقہ میں دیکھ کر سبھی خوش دکھائی دے رہے تھے اور مقامی لوگوں نے تو چھتوں سے پھولوں اور کاغذ کے رنگین ٹکڑوں کی بارش بھی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔