ہندوستان پاکستان کرکٹ میچ کے خلاف عوام اور سیاستدان، اویسی نے بھی کی مخالفت
اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ ہمارے 9 فوجی جموں و کشمیر میں مارے گئے ہیں اور بھارت 24 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف ٹی 20 میچ کھیلے گاْ
نئی دہلی: جموں و کشمیر میں ملی ٹنسی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور حال کے دنوں میں ہدف بنا کر عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وادی میں کی جا رہی ٹارگٹ کلنگ درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہونے جا رہا ہے۔ ملک بھر سے 24 اکتوبر کو ہونے والے اس میچ کی مخالفت میں آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ گری راج سنگھ اور تارکشور پرساد کے بعد اسد الدین اویسی بھی اس میچ کی مخالفت میں اتر گئے ہیں۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ ہمارے 9 فوجی جموں و کشمیر میں مارے گئے ہیں اور بھارت 24 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف ٹی 20 میچ کھیلے گا۔ اسد الدین اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کیا اور پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے لئے بھی ان کا محاصرہ کیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی دو چیزوں پر کبھی نہیں بولتے، ایک تو پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر اور لداخ میں بیٹھے چین پر۔ انہوں نے واضح الزام لگایا کہ وزیراعظم چین پر بات کرنے سے ڈرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر روز کشمیر میں ہندوستانیوں کے ساتھ 20-20 کھیل رہا ہے۔ وادی میں آئے دن غیر کشمیری شہریوں کے قتل پر اویسی نے کہا کہ یہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی ناکامی ہے۔ بہار کے غریب مہاجر مزدور مارے جا رہے ہیں، ٹارگیٹڈ کلنگ ہو رہی ہے، انٹیلی جنس بیورو اور وزیر داخلہ امت شاہ آخر کیا کر رہے ہیں؟
خیال رہے کہ جموں و کشمیر میں ملی ٹینٹ مسلسل شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پلوامہ اور سری نگر میں ملی ٹینٹوں نے بہار اور یوپی کے ایک ایک مزدور کا حال ہی میں قل کر دیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں میں 8-9 عام شہروں کو قتل کیا جا چکا ہے۔ وادی میں کئے جا رہے اس قتل عام سے ملک میں یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ یہ ملی ٹینٹ پاکستان سے تربیت یافہ ہیں لہذا ہندوستان کو پاکستان سے تمام طرح کے تعلقات توڑ لینے چاہئے۔ عام شہریوں کے ساتھ ساتھ سیاستدان بھی اس میچ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر گری راج سنگھ، بہار کے ڈپٹی سی ایم تارکیشور پرساد نے بھی میچ منسوخ کرنے کی وکالت کی ہے۔ وہیں، بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے میچ منسوخ ہونے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئی سی سی کے ساتھ اپنے عہد کی وجہ سے میچ منسوخ نہیں کر سکتے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔