یو پی پی سی ایس امتحان کے نتائج کا اعلان، پرتاپ گڑھ کے اتل سنگھ نے حاصل کی پہلی پوزیشن، اناؤ کی سومیا مشرا کا دوسرا مقام
پرتاپ گڑھ کے اتل کمار سنگھ نے ریاست کے باوقار امتحان کے کمیشن کے ذریعہ اعلان کردہ نتائج میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، اس امتحان میں اناؤ کی سومیا مشرا دوسرے اور امندیپ تیسرے نمبر پر رہی
لکھنؤ: اتر پردیش پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ منعقدہ مشترکہ ریاستی/ بالا ماتحت خدمات امتحان (پی سی ایس) 2021 کے نتائج کا بدھ کو اعلان کیا گیا۔
پرتاپ گڑھ کے مندھاتا کے راج گڑھ گاؤں کے رہنے والے اتل کمار سنگھ نے ریاست کے سب سے باوقار امتحان کے کمیشن کے ذریعہ اعلان کردہ نتائج میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس امتحان میں اناؤ کی سومیا مشرا دوسرے اور امندیپ تیسرے نمبر پر رہی۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس امتحان میں کامیاب ہونے والے تمام نوجوانوں اور ان کے رہنما والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری پیغام میں انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ریاستی سول سروسز کے مختلف عہدوں کے لیے منتخب امیدوار خدمت کے جذبے کے ساتھ 'نئے اتر پردیش' کی تشکیل میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔
خیال رہے کہ اتر پردیش پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ سال 2021 میں 678 آسامیوں کے لئے منعقدہ پی سی ایس امتحان میں 627 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ پی سی ایس 2021 کا نتیجہ کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ uppcs.up.nic.in پر دیکھا جا سکتا ہے۔
کمیشن نے 12 جولائی کو مرکزی امتحان کے نتائج کا اعلان کیا تھا۔ اس میں سول سروسز کی 623 آسامیوں پر 1285 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا تھا۔ 21 جولائی سے 05 اگست کے درمیان ہونے والے انٹرویو میں 1285 میں سے 1260 امیدوار ڈپٹی کلکٹر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت 29 محکموں کی 678 آسامیوں کے لیے حاضر ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں الہ آباد ہائی کورٹ کی سنگل بنچ نے پی سی ایس کی بھرتی کے عمل میں سابق فوجیوں کو 05 فیصد ریزرویشن نہ دینے پر ابتدائی امتحان والیوم کو منسوخ قرار دیا تھا۔ جس کے بعد پبلک سروس کمیشن نے سنگل بنچ کے اس حکم کو اپیل کے ذریعے چیلنج کیا۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پر مشتمل دو ججوں کی بنچ نے سابق فوجیوں کو ریزرویشن نہ دینے پر ابتدائی امتحان کا نتیجہ منسوخ کرنے کے سنگل بنچ کے حکم کو صحیح نہیں مانا۔ عدالت کے فیصلے کے بعد ہی کمیشن نے امتحان کے نتائج کا اعلان کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔