ادھم پور میں قرنطینہ مراکز قائم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: بی جے پی

بی جے پی نے سری نگر–جموں قومی شاہراہ پر واقع قصبہ ادھم پور میں قرنطینہ مراکز قائم کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کی من مرضی نہیں چلے گی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر واقع قصبہ ادھم پور میں قرنطینہ مراکز قائم کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کی من مرضی نہیں چلے گی۔

بی جے پی کے سینئر لیڈر اور جموں وکشمیر یونٹ کے نائب صدر پون کھجوریہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کو بتایا: 'انتظامیہ قصبہ ادھم پور کے لوگوں میں ڈر پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے ڈوڈہ، رام بن، کشتواڑ اور ادھم پور اضلاع سے تعلق رکھنے اُن لوگوں، جو ملک کے مختلف حصوں میں پھنسے تھے، کے لئے ادھم پور کو مرکز بنایا ہے جہاں اُن کے کووڈ نمونے لئے جائیں گے اور انہیں قرنطینہ میں رکھا جائے گا'۔


انہوں نے کہا 'ضلع انتظامیہ اچھا کام کرے گی تو ہم اس کی سراہنا کریں گے۔ لیکن غلط کام کریں گے تو ہم اس کی مخالفت کریں گے۔ ہم ان کے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہیں۔ انتظامیہ نے قصبے کے بیچوں بیچ میں ہمارے کچھ تعلیمی اداروں کو قرنطینہ مراکز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ہم اس کی مخالفت کررہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ کی من مرضی نہیں چلے گی'۔ پون کھجوریہ نے کہا کہ بی جے پی انتظامیہ کو قصبہ ادھم پور میں قرنطینہ مراکز قائم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

ان کا کہنا تھا: 'میں ضلع انتظامیہ کو کہنا چاہوں گا کہ ہم قصبے میں قرنطینہ مراکز کے قیام کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم یہ بھی نہیں کہیں گے کہ آپ ان کو قصبے سے دور کسی گائوں میں قائم کرو۔ گائوں میں بھی ہمارے لوگ رہتے ہیں۔ ہمارا یہ ماننا ہے کہ یہ قرنطینہ مراکز وہاں قائم کئے جانے چاہیے جہاں آبادی کم ہو'۔ ان کا مزید کہنا تھا: 'یہ شہر اور گائوں کا ایشو نہیں ہے۔ دیہات میں بھی ہمارے لوگ رہتے ہیں۔ انتظامیہ میں بیٹھے لوگ اپنا کام ذمہ داری سے کریں'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔