’انڈیگو‘ ہزاروں فیٹ اوپر ہوا میں تھی، پھر ایک مسافر کے فون میں لگی آگ اور مچ گئی ہلچل
پرواز نمبر 6ای 2037 ڈبروگڑھ سے دہلی کی طرف جا رہی تھی، تبھی پائلٹ ٹیم کے ایک رکن نے ایک مسافر کے فون سے چنگاری اور دھواں نکلتے دیکھا۔
ڈبروگڑھ سے دہلی آ رہی انڈیگو فلائٹ میں بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچا۔ جانکاری کے مطابق انڈیگو کے ایک طیارہ میں مسافر کے فون میں آگ لگنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کو ایک مسافر کے موبائل فون میں آگ لگ گئی، لیکن کرو ممبر نے آگ بجھانے والی مشین کی مدد سے اس پر قابو پا لیا۔ یہ جانکاری طیارہ ریگولیٹری ڈی جی سی اے کے افسران نے دی ہے۔
شہری ہوابازی ڈائریکٹوریٹ جنرل یعنی ڈی جی سی اے کے افسران نے بتایا کہ واقعہ میں کسی مسافر یا پائلٹ ٹیم کے رکن کو کوئی چوٹ نہیں آئی ہے۔ پرواز نمبر 6ای 2037 ڈبروگڑھ سے دہلی کی طرف آ رہی تھی، تبھی پائلٹ ٹیم کے ایک رکن نے ایک مسافر کے فون سے چنگاری اور دھواں نکلتے دیکھا۔ ڈی جی سی اے کے افسران نے بتایا کہ مسافر کے فون سے دھواں نکلتے دیکھنے کے بعد پائلٹ ٹیم کے رکن نے آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے اس پر قابو پایا۔
طیارہ جمعرات کی دوپہر 12.45 بجے دہلی ہوائی اڈے پر بہ حفاظت لینڈ کر گیا۔ موبائل کی بیٹری کے غیر معمولی طور پر گرم ہونے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ واضح رہے کہ پائلٹ ٹیم کو خطرناک واقعات پر قابو پانے کے لیے تربیت دی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے حالات پر جلدی قابو پا لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔