کانگریس صدر کے ذریعہ جاری کردہ ’گارنٹی کارڈ‘ کو گھر گھر پہنچانے کے لیے پارٹی لیڈران و کارکنان پرعزم
دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ راجدھانی دہلی میں کانگریس کارکنان گھر گھر جا کر ہر کنبہ تک کانگریس کا گارنٹی کارڈ پہنچائیں گے۔
نئی دہلی: لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر کانگریس کی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ اس سرگرمی کو مزید رفتار دیتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے دہلی کے شمال مشرقی پارلیمانی حلقہ واقع گھونڈا اسمبلی حلقہ کے عثمان پور کیتھواڑا میں پارٹی کا ’گارنٹی کارڈ‘ جاری کیا۔ اس میں عوام کو ’25 نیائے‘ (پچیس انصاف) دینے کی گارنٹی دی گئی ہے۔
ملکارجن کھڑگے کے ذریعہ اس موقع پر عوام سے خطاب بھی کیا گیا جس میں مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کا بھی تذکرہ کیا گیا اور کانگریس کے منصوبوں کے بارے میں بھی بات کی گئی۔ بعد ازاں دہلی پردیش کانگریس کمیٹی صدر اروندر سنگھ لولی سمیت ہزاروں کانگریس کارکنان نے گھر گھر کانگریس کا ’گارنٹی کارڈ‘ تقسیم کر دہلی میں لوک سبھا انتخابی تشہیر کا باضابطہ آغاز کیا۔ کانگریس لیڈران و کارکنان نے اس گارنٹی کارڈ کو زیادہ سے زیادہ گھروں تک پہنچانے کا عزم بھی ظاہر کیا تاکہ لوگ اس سے واقف ہو سکیں۔
اس موقع پر اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ راجدھانی دہلی میں کانگریس کارکنان گھر گھر جا کر ہر کنبہ تک کانگریس کا گارنٹی کارڈ پہنچائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ اپنے انتخابی منشور میں لوگوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ اب نوجوانوں، خواتین، کسانوں، مزدوروں، حصہ داری کے ’نیائے‘ سمیت ہر طبقہ کے لوگوں کو مناسب موقع دینے کا وعدہ کانگریس کر رہی ہے۔ اروندر لولی کا کہنا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت کی تخریبی پالیسیوں کے سبب گزشتہ دس سالوں میں لوگوں کو مہنگائی، بے روزگاری اور سماجی بدسکونی و ناانصافی کے سبب ہر معاملے میں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ غریبوں، مجبوروں، محروموں اور مزدوروں کے مفادات کی جنگ لڑی اور ہمارے لیڈر راہل گاندھی پارلیمنٹ سے سڑک تک ملک کی 95 فیصد آبادی کے حقوق کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔