پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس آج ہوگا اختتام پذیر، اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ وجے چوک تک نکالیں گے ترنگا مارچ

کانگریس سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ آج یعنی جمعرات کو پارلیمنٹ کے موجودہ بجٹ اجلاس کی تکمیل کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک 'تیرنگا مارچ' نکالیں گے

ملکارجن کھڑگے، تصویر آئی اے این ایس
ملکارجن کھڑگے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ آج یعنی جمعرات کو پارلیمنٹ کے موجودہ بجٹ اجلاس کی تکمیل کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک 'تیرنگا مارچ' نکالیں گے۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ’’اس اجلاس کے اختتام کے بعد اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ ترنگا مارچ نکالیں گے۔ اپوزیشن جماعتیں مستقبل میں بھی مل کر کام کریں گی۔‘‘

وہیں، کانگریس تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا ’’یہ ترنگا مارچ پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک نکالا جائے گا۔ بجٹ اجلاس کی کارروائی میں خلل کی ذمہ دار صرف اور صرف حکمراں جماعت ہے۔‘‘ اس سے قبل بدھ کی صبح اپوزیشن رہنماؤں نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں آگے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا تھا۔


کھڑگے کے علاوہ کانگریس، ڈی ایم کے، شیوسینا (یو بی ٹی)، ترنمول کانگریس اور کئی دیگر جماعتوں کے لیڈران راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کے پارلیمنٹ ہاؤس کے چیمبر میں منعقدہ میٹنگ میں شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ کیرالہ میں وایناڈ پارلیمانی سیٹ کی نمائندگی کر رہے راہل گاندھی کو حال ہی میں 2019 کے ’مودی کنیت‘ سے متعلق ہتک عزتی کے مقدمے میں سورت کی ایک عدالت نے قصوروار قرار دیتے ہوئے دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔ جس کے بعد راہل گاندھی کو انہیں لوک سبھا کی رکنیت کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔


گزشتہ 13 مارچ سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے میں اپوزیشن اور حکمراں پارٹی کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بار بار خلل پڑا۔ اپوزیشن جماعتیں اڈانی گروپ کے معاملے میں جے پی سی کے قیام کے مطالبے پر اٹل ہیں۔ دوسری جانب حکمران جماعت نے لندن میں دیے گئے بیان پر راہل گاندھی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔