سسرال والوں نے بہو کو دو لاکھ روپے میں بیچ دیا!
پولس کے مطابق متاثرہ نے بتایا کہ اس کی ماں اور بھائیوں نے سسرال والوں کے ساتھ مل کر دو لاکھ روپے میں اسے ہنومان گڑھ ضلع میں سنگریاں تھانے علاقے کے گاؤں ہری پور کے رہنے والے وید پرکاش کو بیچ دیا۔
شری گنگا نگر: راجستھان کے شری گنگا نگر میں ایک لڑکی نے اپنے پیہر اور سسرال والوں پر اسے دو لاکھ روپے میں بیچ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ شہر کے اگرسن نگر کی رہنے والی متاثرہ لڑکی نے یہاں خاتون تھانہ میں اس سلسلے میں رپورٹ درج کرائی ہے۔ رپورٹ میں متاثرہ نے بتایا کہ اس کی شادی سال 2013 میں پنجاب کے سرحدی ضلع فضلیکا میں اوبہر ڈویژن کے ایک گاؤں میں ہوئی تھی۔ شادی کے کچھ عرصے بعد سسرال والے اسے جہیز کے لئے پریشان کرنے لگے۔ جہیز کا مطالبہ پورا نہیں کرنے پر اس کے ساتھ مارپیٹ کی جاتی تھی۔
پولس کے مطابق رپورٹ میں متاثرہ نے بتایا کہ اس کی ماں اور بھائیوں نے سسرال والوں کے ساتھ مل کر دو لاکھ روپے میں اسے ہنومان گڑھ ضلع میں سنگریاں تھانے علاقے کے گاؤں ہری پور کے رہنے والے وید پرکاش کو بیچ دیا۔ اسے گزشتہ 20 اگست کو وید پرکاش کے یہاں جبراً چھوڑ دیا گیا۔ تقریباً ایک ہفتہ تک وید پرکاش نے اسے اپنے گھر میں قیدی بنائے رکھا اور اس کی جبراً آبروریزی کرتا رہا۔ متاثرہ کے مطابق گزشتہ دنوں اس کا اپنے چچا کے بیٹے سے رابطہ ہوگیا جس کے بعد وہ ہری پور آکر اسے چھڑا کر لے گیا۔
پولس نے لڑکی کی ماں اور بھائیوں کے علاوہ اس کے شوہر منگل رام، سسر گوپی رام، ساس اور خریدار وید پرکاش کے خلاف مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا۔ پولس نے متاثرہ کا آج میڈیکل کرایا ہے۔ متاثرہ دو بچوں کی ماں ہے۔ اس کے والد نہیں ہیں۔ پولس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔