بی جے پی لیڈر پنکجا منڈے نے ٹوئٹر ہینڈل سے ہٹایا پارٹی کا نام، تھام سکتی ہیں شیوسینا کا دامن!

مہاراشٹر بی جے پی میں اس وقت زبردست ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اتوار کے روز پنکجا منڈے نے 8 سے 10 دن کے اندر کوئی بڑا فیصلہ لینے کی بات کہی تھی اور آج انھوں نے ٹوئٹر ہینڈل سے پارٹی کا نام ہٹا دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں اس بات کو لے کر چہ می گوئیاں شروع ہو گئی ہیں کہ کیا خاتون بی جے پی لیڈر پنکجا منڈے پارٹی کو چھوڑنے کا ارادہ کر چکی ہیں۔ ان قیاس آرائیوں کے درمیان پنکجا منڈے نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے بی جے پی کا نام ہٹا دیا ہے۔ اس قدم کے بعد مہاراشٹر بی جے پی میں زبردست ہلچل پیدا ہو گئی ہے اور قیاس آرائیوں کا بازار بھی مزید گرم ہو گیا ہے۔

بی جے پی لیڈر پنکجا منڈے نے ٹوئٹر ہینڈل سے ہٹایا پارٹی کا نام، تھام سکتی ہیں شیوسینا کا دامن!

اس درمیان اس طرح کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں کہ پنکجا منڈے کسی بھی وقت شیوسینا کا دامن تھام سکتی ہیں۔ ان خبروں پر شیوسینا کے رکن اسمبلی عبدالستار کا کہنا ہے کہ ’’12 دسمبر کو پنکجا منڈے طے کریں گی کہ وہ آگے کہاں جائیں گی۔ اگر وہ شیوسینا میں شامل ہوتی ہیں تو ہم خوشی سے ان کا استقبال کریں گے۔ آنجہانی گوپی ناتھ جی اور بالا صاحب جی کے درمیان ماضی میں اچھے رشتے تھے۔‘‘

اس سے قبل اتوار کو پنکجا منڈے نے 8 سے 10 دن کے اندر کوئی بڑا فیصلہ لینے کی بات کہی تھی۔ انھوں نے فیس بک پوسٹ کے ذریعہ بتایا تھا کہ وہ 12 دسمبر کو اپنے حامیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گی جس کے بعد وہ بڑے فیصلے لیں گی۔ انھوں نے اپنے فیس بک پوسٹ میں یہ بھی لکھا تھا کہ ’’الیکشن میں شکست کے بعد حامیوں نے انھیں فون کیے اور میسجز بھیجے تھے، انھوں نے ملنے کی گزارش کی، لیکن سیاسی حالات کی وجہ سے حامیوں سے مل نہیں پائی۔‘‘


پنکجا منڈے کا کہنا ہے کہ بدلے ہوئے سیاسی منظرنامے میں آگے کے لیے کچھ اہم فیصلے لینے ضروری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے بہت کچھ کہنا ہے، ایسے میں مجھے امید ہے کہ میرے ’جوان‘ ریلی میں ضرور آئیں گے۔ پنکجا نے کہا کہ میں یہ طے کروں گی کہ آگے کیا کرنا ہے، کس راستے پر مجھے چلنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری مضبوطی کیا ہے، اس پر دھیان دینا بے حد ضروری ہے۔

قابل غور ہے کہ مہاراشٹر میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد بی جے پی میں بغاوتی آوازیں تیز ہو گئی ہیں۔ پنکجا سے پہلے بی جے پی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڑسے نے ایک بڑا بیان دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’جو ہم نے زندگی بھر کمایا تھا، شفافیت کو اپنایا تھا اور بدعنوانی کے خلاف ہم نے لڑائی لڑی، لیکن اجیت دادا پوار کے ساتھ ہاتھ ملا کر ہماری پارٹی نے ایک منٹ میں سب کچھ گنوا دیا۔‘‘ ایکناتھ کھڑسے نے یہ بھی کہا تھا کہ پارٹی نے انھیں اس بار الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ نہیں دیا تھا اور اس بات کا انھیں بہت غم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔