پالگھر لنچنگ کیس: سپریم کورٹ نے سادھو قتل معاملہ کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کو دی منظوری

سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو اس بارے میں حلف نامہ داخل کرنے کو کہا ہے کہ پالگھر لنچنگ معاملہ اب جانچ کے لیے سی بی آئی کو دیا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے پالگھر لنچنگ معاملے کی جانچ سی بی آئی کے سپرد کرنے کا فیصلہ لے لیا گیا ہے۔ 2020 میں دِل دہلا دینے والے دو سادھوؤں اور ایک ڈرائیور کے قتل معاملہ میں مہاراشٹر حکومت نے سپریم کورٹ کو سبھی جانکاریاں فراہم کیں۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے اس پر غور کرتے ہوئے معاملے کی جانچ سی بی آئی کو سونپنے کے فیصلے کو ہری جھنڈی دِکھا دی۔ سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو اس بارے میں حلف نامہ داخل کرنے کو بھی کہہ دیا ہے کہ یہ معاملہ اب جانچ کے لیے سی بی آئی کو دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل کی سماعت میں سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت سے سوال کیا تھا کہ جانچ کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کے لیے انھوں نے کیا تیاری کی ہے۔ ریاستی حکومت نے جواب دینے کے لیے دو ہفتے کا وقت طلب کیا تھا۔ 28 اپریل کے روز ہوئی سماعت میں سپریم کورٹ کو مہاراشٹر حکومت نے تفصیل سے پالگھر لنچنگ معاملہ سی بی آئی کو سونپنے کے بارے میں جانکاری دی۔ پھر سپریم کورٹ نے اس جانچ کے لیے منظوری دے دی۔


واضح رہے کہ 16 اپریل 2020 کو پالگھر ضلع کے گڑھ چنچلے گاؤں میں دو سادھوؤں اور ان کے ڈرائیور کا مشتعل بھیڑ نے قتل کر دیا تھا۔ یہ قتل بچہ چوری کے منصوبے کی افواہ پر کیا گیا تھا، جبکہ وہ سادھو اپنے روحانی گرو کی موت کے بعد ان کی آخری رسومات میں شامل ہونے کے لیے گجرات کے سورت جا رہے تھے۔ چھوٹا راستہ اختیار کرنے کی کوشش میں سادھو گاؤں کے اندر کی سڑک کی طرف مڑ گئے تھے۔ راستے میں گاؤں والوں نے انھیں روک لیا اور شک کی بنیاد پر تینوں کا قتل کر دیا۔ اس واقعہ کے بعد مہاراشٹر کرائم جانچ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے تقریباً 250 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی۔ کئی نابالغ لڑکوں کو بھی اس معاملے میں حراست میں لیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔