اُدھو ٹھاکرے نے بی جے پی اور انتخابی کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا
پال گھر ضمنی انتخاب میں بی جے پی امیدوار کی فتح پر شیو سینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے کئی سوال کھڑے کیے ہیں۔ ایک پریس کانفرنس کر کے انھوں نے انتخابی کمیشن سے دوبارہ ووٹ شماری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
پال گھر ضمنی انتخاب میں نتیجہ برآمد ہونے کے بعد شیو سینا اُدھو ٹھاکرے نے پریس کانفرنس کر کے بی جے پی اور انتخابی کمیشن پر زبردست حملہ کیا ہے۔ انھوں نے انتخابی کمیشن سے اس سیٹ پر دوبارہ ووٹ شماری کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کو دوستوں کی ضرورت نہیں ہے۔ مہاراشٹر میں بی جے پی حکومت میں معاون کی حیثیت نبھا رہی شیو سینا کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا کہ انتخابی کمیشن میں جس طرح بدعنوانی دیکھنے کو مل رہی ہے، اس کے پیش نظر انتخابی کمشنروں کی تقرری نہیں بلکہ ان کا بھی انتخاب ہی ہونا چاہیے۔
اُدھو ٹھاکرے نے 20ویں دور سے 25ویں دور کی ووٹ شماری میں زبردست گڑبڑی کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پال گھر ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو 60 فیصد لوگوں نے مسترد کر دیا ہے۔ انھوں نے انتخابی کمیشن سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ بی جے پی امیدوار کو فتحیاب نہ قرار دیں۔
شیو سینا سربراہ نے بی جے پی پر مہاراشٹر کی عوام کی بے عزتی کا بھی الزام عائد کیا اور کہا کہ اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ اپنی سیٹ نہیں بچا پا رہے ہیں اور وہ مہاراشٹر میں انتخابی تشہیر کرنے آتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’عوام نے یوگی جی کی مستی اُتار دی ہے۔‘‘
بی جے پی-شیو سینا کے رشتے گزشتہ کافی مدت سے اچھے نہیں چل رہے ہیں۔ شیو سینا نے لگاتار مرکز اور مہاراشٹر کی بی جے پی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کر رکھا ہے۔ کئی ایشوز پر شیو سینا نے اپوزیشن پارٹیوں کی حمایت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی تنقید کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 31 May 2018, 7:43 PM