بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی درانداز ہلاک
پولیس نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ہندوستانی سرحد میں ہتھیار اورمنشیات کے ساتھ ایک شخص دراندازی کی کوشش کررہا تھا۔ جوانوں کے انتباہ دینے کے بعد حفاظتی دستوں کی گولی باری میں اسے مار گرایا گیا۔
امرتسر: پنجاب میں انڈین بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور امرتسر دیہی پولیس کی مشترکہ مہم کے تحت ایک پاکستان درانداز کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے آج بتایا کہ بی ایس ایف افسر منگل اور بدھ کی درمیانی شب بی ایس ایف جوان ہندوستان کی نگرانی والی چوکی ککڑ میں گشت کر رہے تھے۔ اسی دوران جوانوں نے کانٹوں کی باڑھ کے نزدیک کچھ ہلچل دیکھی۔
پولیس نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ہندوستانی سرحد میں ہتھیار اورمنشیات کے ساتھ ایک شخص دراندازی کی کوشش کررہا تھا۔ جوانوں کے انتباہ دینے کے بعد حفاظتی دستوں کی گولی باری میں اسے مار گرایا گیا۔ حفاظتی دستوں نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاش شروع کر دی ہے۔ اس کے قبضے سے دو اے کے 47 اسالٹ، دو میگزین، 22 کلو گرام ہیروئن، ایک موبائل فون، پلاسٹک کا پائپ اور پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔
اس معاملے میں تھانہ لوپوکے نے گورداس پور کے دو اسمگلر جگدیش بھورا اور جسپال سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ جگدیش بھورا اس وقت بیلجیئم میں ہے اور ملک مخالف سازشوں میں ملوث ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بھورا کے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے تعلقات ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی ایس آئی پاکستانی اسمگلر بلال کو مہرہ بنا کر سرحد پار سے ہتھیاروں کی کھیپ بھیجنے کی سازش رچ رہا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ جسپال سنگھ کے آئی ایس آئی سے بھی تعلقات ہیں۔
واضح رہے کہ چار روز قبل بی او پی پُل موراں سے بی ایس ایف نے دو اے کے 47 اسالٹ سمیت میگیزین اور 30 بور پستول سمیت کئی کارتوس برآمد کیے تھے۔ امکان ہے کہ بی ایس ایف کے افسران اس معاملے میں پاکستان رینجر کے عہدیداروں کے ساتھ فلیگ میٹنگ کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔