مغربی بنگال الیکشن میں بھی ہوئی ’پاکستان‘ کی انٹری!

امت شاہ نے دورۂ بنگال کے دوران ممتا بنرجی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’بنگال کے اندر ماحول ایسا کر دیا گیا ہے کہ جے شری رام بولنا گناہ ہے۔ بنگال میں نہیں تو کیا پاکستان میں جے شری رام بولا جائے گا۔‘‘

امت شاہ، تصویر آئی اے این ایس
امت شاہ، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مغربی بنگال اسمبلی الیکشن کے پیش نظر سبھی پارٹیوں کی سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ بی جے پی اور ترنمول کانگریس جہاں ایک دوسرے پر حملہ کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے ہیں، وہیں ریاست میں ہندو ووٹ کو متحد کرنے کے لیے بی جے پی لیڈروں نے ’جے شری رام‘ کے ساتھ ساتھ اب ’پاکستان‘ لفظ کا استعمال کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ ’جے شری رام‘ کے بہانے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو تو پہلے سے ہی بی جے پی لیڈران تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے، لیکن مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی کے سابق قومی صدر امت شاہ نے 11 فروری کو اپنے ایک بیان میں ’پاکستان‘ لفظ کا استعمال کر کے سیاسی ماحول بی جے پی کے حق میں سازگار کرنے کی بھرپور کوشش کی۔

دراصل بنگال دورہ کی شروعات امت شاہ نے 11 جنوری کو ’جے شری رام‘ نعرہ کے ساتھ کی اور پھر ممتا بنرجی پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بنگال کے اندر ماحول ایسا کر دیا کہ جے شری رام بولنا گناہ ہے۔ بنگال میں نہیں تو کیا پاکستان میں جے شری رام بولا جائے گا۔‘‘ اپنے بیان میں امت شاہ آگے کہتے ہیں کہ ’’ممتا دیدی کو بے عزتی کا احساس ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں کروڑوں لوگ ہمارے شری رام کو یاد کر کے فخر محسوس کرتے ہیں۔ لیکن آپ کو تکلیف ہوتی ہے کیونکہ آپ ایک طبقہ کو خوش کر کے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ میں آپ کو بھروسہ دلاتا ہوں کہ الیکشن ختم ہوتے ہوتے ممتا دیدی بھی جے شری رام بولیں گی۔‘‘


جہاں تک الیکشن میں ’پاکستان‘ کی انٹری کا معاملہ ہے، تو بی جے پی پہلے بھی لوک سبھا انتخاب اور ریاستی انتخابات میں تشہیر کے دوران پاکستان کا نام لیتی رہی ہے۔ سال 2014 کے بعد سے کئی انتخابات میں نیشنلزم اور پاکستان کا ایشو بی جے پی کے ذریعہ اٹھایا گیا ہے۔ 2019 لوک سبھا انتخاب میں ’پاکستان‘ کا نام کئی اسٹیج سے زور و شور سے اٹھایا گیا تھا۔ بہار میں 2020 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بھی پاکستان کا تذکرہ ہوا تھا اور دہلی میں ہوئے 2020 کے انتخاب میں بھی ’شاہین باغ‘ اور ’پاکستان‘ لفظ کا خوب استعمال ہوا تھا۔ یو پی میں 2017 میں ہوئے اسمبلی الیکشن میں بھی ’سرجیکل اسٹرائک‘ اور ’پاکستان‘ کا ایشو چھایا ہوا تھا، اور اسی سال پنجاب میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں بھی پاکستان کا تذکرہ ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔