پاکستان نے کرتار پور کوریڈور پر میٹنگ کے لیے ہندوستانی صحافیوں کو مدعو کیا

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ’’پاکستان 14 جولائی کو واگھہ میں ہونے والی کرتارپور کوریڈور کی میٹنگ کے لئے ہندوستانی میڈیا کا خیر مقدم کرتا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ کرتارپور کوریڈور اور اس سے متعلق تکنیکی امور پر تبادلہ خیال کے لئے 14 جولائی کو واہگہ میں ہونے والی دوسرے دور کی بات چیت کے لئے ہندوستانی صحافیوں کو دعوت دی ہے۔ پاکستان نے کہا ہے کہ اجلاس میں حصہ لینے کے لئے ہندوستانی صحافی ویزا کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے پیر کو دیر شام ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی۔

محمد فیصل نے ٹوئٹ کیا’’پاکستان 14 جولائی کو واہگہ میں ہونے والی کرتارپور کوریڈور کی میٹنگ کے لئے ہندوستانی میڈیا کا خیر مقدم کرتا ہے۔ نئی دہلی میں واقع پاکستان ہائی کمیشن میں ویزا کے لئے درخواست کی جا سکتی ہے‘‘۔ پاکستان نے دو جولائی کو ہندوستان کو مطلع کیا تھا کہ کرتارپور کوریڈور کھولنے کی شرطوں ، خدوخال اور تکنیکی ایشوز کے سلسلے میں دو معاہدے کے مسودے پر بات چیت کے لئے دوسری میٹنگ 14 جولائی کو واہگہ-اٹاری انٹیگریٹیڈ كمپلیكس میں ہوگی۔


پاکستان نے ہندوستان کی جانب سے 11 یا 14 جولائی کو میٹنگ کی تجویز رکھے جانے کی پیشکش کے بعد اس تاریخ کی تصدیق کی۔ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان پہلے دور کی بات چیت 14 مارچ کو اٹاری-واہگہ سرحد پر ہوئی تھی۔ اس سلسلہ میں دوسرے دور کی بات چیت دو اپریل کو ہونے والی تھی لیکن پاکستان حکومت کی جانب سے کوریڈور کے ساتھ منسلک ایک کمیٹی میں خالصتان حامی لیڈر گوپال سنگھ چاؤلہ کی تقرری کے بعد بات چیت میں تعطل آ گیا تھا۔

اس کوریڈور سے پاکستان کے کرتارپور میں واقع دربار صاحب کو پنجاب کے گروداس پور میں واقع ڈیرہ بابا نانک صاحب سے جوڑاجائے گا اور ہندوستان کے سکھ عقیدت مند آسانی سے آ جا سکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔