وِنگ کمانڈر ابھینندن کو آزاد کرنے کے لیے پاکستان نے رکھی شرط

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس ہندوستانی پائلٹ کو گرفتار کیا گیا اس کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے اور کسی طرح کی تکلیف نہیں پہنچائی جا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالات لگاتار کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں اور پاکستان کے ذریعہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے معاملے بھی لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ اس درمیان بدھ کے روز ہندوستان کے تباہ مگ-21 جنگی طیارہ کے گرفتار پائلٹ وِنگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کی آزادی کےامکانات نظر آنے لگے ہیں۔ دراصل پاکستان ابھینندن ورتمان کو آزاد کرنے کے لیے تیار ہو گیا ہے لیکن یہ آزادی مشروط ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی میڈیا کو بیان دیا ہے کہ وہ حالات کے معمول پر آنے کا انتظار کر رہے ہیں اور جیسے ہی ماحول سے کشیدگی ختم ہوگی انڈین پائلٹ ابھینندن کو ہندوستان کے حوالے کرنے سے متعلق غور کیا جائے گا۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستانی پائلٹ کو پاکستان میں کوئی تکلیف نہیں ہوگی اور ان کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

دوسری طرف ہندوستان میں ابھینندن کو بحفاظت وطن واپس لانے کے لیے لوگوں کا مطالبہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران تو مودی حکومت سے ابھینندن کی رہائی کے لیے قدم اٹھانے کی بات کہہ ہی رہے ہیں، بالی ووڈ ہستیوں نے بھی بڑی تعداد میں ان کی وطن واپسی کے لیے دعائیں کیں۔ کئی اداکاروں نے ان کی بہادری کو سلام کیا تو کئی نے امید ظاہر کی کہ وہ بہت جلد ہندوستان واپس آئیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔