پاکستان کا دعویٰ: ہندوستانی آبدوز نے کی بحری حدود میں داخل ہونے کی کوشش
رپورٹ کے مطابق پاکستانی بحریہ نے میڈیا کے ساتھ ایک ویڈیو فوٹیج کا اشتراک کیا ہے جسے اس نے ’حقیقی‘ قرار دیا ہے۔ فوٹیج میں گزشتہ روز یعنی 4 مارچ کو 2 بج کر 35 منٹ کی ٹائم اسٹیمپ نظر آ رہی ہے۔
پلوامہ حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چل رہی کشیدگی کے درمیان پاکستانی بحریہ نے منگل کے روز دعوی کیا ہے کہ اس نے اپنے ملک کی بحری حدود میں ایک ہندوستانی آبدوز کے داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ ویب سائٹ ’دی کوئنٹ‘ نے یہ خبر بھاشا کے حوالہ سے شائع کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی بحریہ نے میڈیا کے ساتھ ایک ویڈیو فوٹیج کا اشتراک کیا ہے جسے اس نے ’حقیقی‘ قرار دیا ہے۔ فوٹیج میں گزشتہ روز یعنی 4 مارچ کو 2 بج کر 35 منٹ کی ٹائم اسٹیمپ نظر آ رہی ہے۔
اس تعلق سے پاکستانی بحریہ کے ترجمان نے کہا، ’’پاکستانی بحریہ نے انڈین آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگایا اور اسے پاکستانی بحری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔‘‘ بیان کے مطابق انڈین آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔
پاکستانی بحریہ نے کہا، ’’پاکستانی حکومت انڈیا کے ساتھ امن قائم رکھنے کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اس واقعہ سے سبق لینا چاہیے اور ’’امن کی جانب گامزن ہونا چاہیے۔‘‘
پاکستانی بحریہ کے مطابق نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب پاکستانی بحریہ نے انڈین آبدوز کا سُراغ لگایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 14 نومبر 2016 کو پیش آیا تھا اور پاکستانی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ فلیٹ یونٹس نے پاکستانی بحری حدود کے جنوب میں ایک انڈین آبدوز کا پتہ لگایا اور اسے پاکستانی بحری حدود میں داخلے سے روک دیا تھا۔ تاہم انڈین بحریہ نے پاکستان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔
ہندوستانی آبدوز کی جانب سے پاکستانی حدود میں داخلے کی مبینہ کوشش کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پاکستان اور ہندوستان کے مابین کشیدگی عروج پر ہے۔ کشیدگی کی شروعات 14 فروری کو پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلہ پر ہوئے خودکش حملے کے بعد ہوئی تھی۔ اس کے بعد 26 فروری کو ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان میں بالاکوٹ کے قریبی علاقے میں بمباری کی۔
پاکستان نے اس کے جواب میں لائن آف کنٹرول کے پار انڈین اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا اور اس کارروائی کے ردعمل میں پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے انڈین طیاروں میں سے ایک کو مار گرایا جس کے پائلٹ ابھینندن کو حراست میں لے کر ہندوستان کو واپس کر دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔