پاکستان: سکھ لڑکی کا مسلم لڑکے سے ’نکاح ‘، کیپٹن امریندر کا غصے کا اظہار
پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے ایک ایک پاکستانی سکھ لڑکی کے مسلم لڑکے کے ساتھ نکاح پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان سے اس معاملہ میں کارروائی کی اپیل کی ہے۔
چندی گڑھ: پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے ایک ایک پاکستانی سکھ لڑکی کے مسلم لڑکے کے ساتھ نکاح پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان سے اس معاملہ میں کارروائی کی اپیل کی ہے۔ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ننکانہ صاحب میں ایک سکھ لڑکی کا مبینہ طور پر اغوا کر کے اس کا جبری مذہب تبدیل کراکر اس کا نکاح کرایا گیا ہے ۔ انہوں نے واقعہ پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئےپاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے ۔
کیپٹن سنگھ نے جمعہ کو ٹویٹ کر کہا’’پاکستان کے ننکانہ صاحب میں ایک سکھ لڑکی کے اغوا اور اسلام میں تبدیلی مذہب پر مجبور کرنے کا حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے ۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی اپیل کرتا ہوں ۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا، ’’وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنكر سے بھی درخواست ہے کہ وہ اپنے ہم منصب پاکستانی وزیر خارجہ کے ساتھ اس مسئلے کو جلد از جلد اٹھائیں۔ ‘‘
واضح ر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان سکھ قوم کے بانی گرو نانک دیو کی جائے پیدائش ننکانہ صاحب (پاکستان ) سے سکھ لڑکی کے مسلم لڑکے کے ساتھ نکاح کی خبر گردش کر رہی ہے۔
سکھ طبقہ کا الزام ہے کہ گرودوارہ تمبو صاحب میں ایک گرنتھی بھگوان سنگھ کی بیٹی کا نکاح مسلم لڑکے کے محمد حسان کے ساتھ کرایا گیا ہے۔ جبکہ لڑکی کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ لڑکی کا مذہب جبراً تبدیل کر انے کے بعد اس کی شادی محمد حسان نام کے شخص سے کرائی گئی ہے۔ یہ واقعہ دو دن پرانا ہے جس پر بحث شروع ہو گئی ہے۔
کیپٹن امریندر سنگھ نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں متاثرہ کا بھائی اپنے اہل خانہ کے ساتھ پورے واقعہ کے بارے میں بتا رہا ہے۔
ادھر پاکستانی میڈیا کے مطابق ، سکھ لڑکی جگجیت سنگھ کور دختر بھگوان سنگھ نے مقامی مدرسے میں جا کر اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا جہاں انہیں کلمہ پڑھایا گیا۔ مسلمان ہونے کے بعد جگجیت کا اسلامی نام عائشہ رکھا گیا اور اس کا محمد حسان نامی نوجوان سے نکاح پڑھایا گیا۔اس موقع پر جگجیت کور نے حلفی بیان بھی دیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کر رہی ہیں اور حسان سے شادی کر رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے گھر سے اپنی مرضی سے آئی ہوئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 30 Aug 2019, 7:10 PM