آکسیجن بحران: دہلی کے گنگا رام اسپتال میں 24 گھنٹے میں 25 مریضوں کی موت، میکس کو سپلائی حاصل

کورونا کی وجہ سے انتہائی خراب ہو چکے حالات کے دوران پورے ملک کی طرح دہلی میں آکسیجن کی وجہ سے ہاہاکار مچا ہوا ہے، کئی اسپتالوں میں کچھ گھنٹوں کا اسٹاک باقی ہے جبکہ کچھ میں آخری لمحہ میں آکسیجن پہنچی

آکسیجن کی سطح ظاہر کرنے والا آلہ / آئی اے این ایس
آکسیجن کی سطح ظاہر کرنے والا آلہ / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ملک کی راجدھانی دہلی اس وقت آکسیجن کی بھاری قلت سے دو چار ہے۔ کئی اسپتالوں میں کچھ گھنٹوں کا اسٹاک باقی ہے جبکہ کچھ کو آخری لمحال میں آکسیجن نصیب ہو سکی۔ دہلی کے کئی اسپتالوں کی جانب سے حکومت سے جلد از جلد آکسیجن فراہم کرنے کی گہار لگائی ہے۔

دہلی کے سر گنگا رام اسپتال کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹو کے دوران ان کے اسپتال میں 25 انتہائی بیمار مریضوں کی موت واقع ہو گئی۔ صبح کے وقت اسپتال کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ان کے پاس کچھ گھنتوں کی ہی آکسیجن باقی ہے۔ وینٹی لیٹر بھی کام نہیں کر رہے ہیں، لہذا فوری طور پر ایئر لفٹ کی مدد سے آکسیجن درکار ہے ورنہ یہاں کے دیگر 60 مریضوں کی جان کو خطرہ ہے۔ تاہم صبح تقریباً 10 بجے گنگا رام استپال کو آکسیجن کی سپلائی حاصل ہو گئی۔


دہلی کے ہی میکس اسپتال کی جانب سے صبح کے وقت ٹوئٹ کر کے کہا گیا کہ اسپتال میں آکسیجن کی بھاری قلت ہے۔ ٹوئٹ میں کہا گیا کہ میکس سمارٹ اسپتال، میکس اسپتال ساکیت میں کچھ گھنٹوں کی آکسیجن باقی ہے، لہذا فوری آکسیجن درکار ہے۔ تاہم صبح کے تقریباً 10 بجے میکس ساکیت اسپتال کو آکسیجن کی سپلائی مہیا کرا دی گئی۔ ابھی میکس کے پاس تین گھنٹے کی آکسیجن سپلائی پہنچ گئی ہے۔

ڈی سی پی ساؤتھ دہلی کا کہنا تھا کہ میکس کو آکسیجن فراہم ہو گئی ہے اور مزید ایک گاڑی آکسیجن لے کر پہنچ رہی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق میکس ہیلتھ کیئر نے اپنے دہلی این سی آر میں واقع تمام اسپتالوں میں نئے مریضوں کے داخلہ پر روک لگا دی ہے۔

خیال رہے کہ دہلی کے کئی اسپتالوں میں کئی دنوں سے آکسیجن کا بحران چل رہا ہے۔ دہلی حکومت نے مرکزی حکومت سے گہار لگائی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے کوٹا بھی بڑھایا گیا ہے لیکن مریضوں کی بڑھتی تعداد کے درمیان کوئی اقدام کارگر ثابت نہیں ہو رہا ہے، کیونکہ آکسیجن کی سپلائی میں کافی وقت لگ رہا ہے۔ دہلی کے کچھ اسپتالوں کو آکسیجن کی سپلائی کے مطالبہ کے لئے ہائی کورٹ کا بھی رخ کرنا پڑا۔

دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوارن کورونا کے 26169 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 306 مریضوں کی موت ہو گئی۔ فی الحال یہاں 91618 کیسز فعال ہیں جبکہ کیسز کی مجموعی تعداد 956348 ہو چکی ہے۔ دہلی میں تاحال 13193 مریض دم توڑ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔