پیغمبر محمدؐ پر تبصرہ کرنے پر نوپور شرما کو گرفتار کیا جائے، اویسی کا مطالبہ
اسدالدین اویسی نے ایک ٹی وی ڈبیٹ میں پیغمبراسلامؐ کے بارے میں متنازعہ ریمارکس کے معاملے میں نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر ملک کے مسلمانوں کی تذلیل کا الزام بھی لگایا ہے۔
پیغمبر اسلام کے بارے میں تبصرے کے معاملے میں بی جے پی نے اپنی ترجمان نوپور شرما کو پارٹی سے معطل کر دیا ہے لیکن معاملہ ابھی ٹھنڈا نہیں ہو رہا ہے۔ اس معاملے پر اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے مطالبہ کیا ہے کہ نوپور شرما کو گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کے مسلمانوں کی بات آتی ہے تو وزیر اعظم مودی ان کی بات نہیں سنتے، لیکن باہر کے مسلمانوں کی بات سن لیتے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی پر ملک کے مسلمانوں کی تذلیل کا الزام لگایا ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اویسی نے بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کی سخت الفاظ میں تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کے ذہن میں اتنے دن بعد کیوں آیا کہ نوپور شرما کو پارٹی سے نکالنا چاہئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنے ترجمانوں سے کہتی ہے کہ وہ ٹی وی مباحثوں میں نفرت انگیز تقریر کریں۔
یہ بھی پڑھیں : پیغمبر اسلام پرتبصرہ کے معاملے میں ہندوستانی سفیرطلب
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ نیوز پر شائع خبر کے مطابق اویسی یہیں نہیں رکے، انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے کہ جب باہر کے ممالک نے نوپور شرما کے ریمارکس پر اعتراض کیا تو انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوپور شرما کو گرفتار کیا جائے۔ کانپور کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کانپور تشدد کے واقعہ پر گرفتار لوگوں پر فوری طور پر این ایس اے لگا دیا لیکن پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں متنازعہ تبصرہ کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔