جانوروں میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھا، چڑیا خانہ میں 9 شیر کورونا پازیٹو، ایک کی موت

2 جون کو انیمل ہاؤس نمبر 2 میں موجود ایک نیلا (مادہ) کی شام تقریباً سوا چھ بجے موت ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس میں کورونا کی کچھ علامات دیکھی گئی تھیں اور 2 جون سے ٹھیک پہلے اس کی ناک بہہ رہی تھی۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

تنویر

انسانوں میں کورونا کے پھیلاؤ سے تباہی کا عالم ہے، اور اب دھیرے دھیرے جانوروں میں بھی کورونا انفیکشن بڑھتا جا رہا ہے۔ ہندوستان اور کچھ بیرونی ممالک میں جانوروں کے کورونا انفیکشن سے متاثر ہونے کے چند معاملے سامنے آئے ہیں، لیکن اب ہندوستان کے ایک چڑیا خانہ میں ایک ساتھ 9 شیر کے کورونا پازیٹو ہونے اور ایک شیرنی کے ہلاک ہونے کی خبر سے ایک ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق تمل ناڈو کے ونڈلور واقع چڑیاخانہ میں ایک ساتھ 9 شیر کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ کورونا کا یہ کیس سفاری پارک ایریا کے اری نگر انّا زولوجیکل پارک میں پایا گیا ہے۔ پارک کے پبلک رلیشن افسر (پی آر او) نے پریس بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شروع میں ایک انیمل ہاؤس میں رکھے گئے پانچ شیر میں کف کی شکایت دیکھنے کو ملی۔ اس کے بعد فوراً ماہرین کی ٹیم اس کی وجہ پتہ لگانے میں مصروف ہو گئی۔ انھوں نے بتایا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائی سیکورٹی ڈیزیز (این آئی ایچ ایس اے ڈی)، بھوپال، مدھیہ پردیش میں انّا زولوجیکل پارک کے 11 شیروں کے بلڈ سیمپل، فیشیر سیمپل اور ناک کا سواب لے کر بھیجا گیا۔


جاری پریس بیان کے مطابق 2 جون کو انیمل ہاؤس نمبر 2 میں موجود ایک نیلا (مادہ) کی شام تقریباً سوا چھ بجے موت ہو گئی۔ ایسا کہا گیا کہ اس میں کورونا کی کچھ علامات دیکھی گئی تھیں اور 2 جون سے ٹھیک پہلے اس کی ناک بہہ رہی تھی۔ بعد ازاں اس کا فوراً علاج کیا گیا تھا۔ بہر حال، تازہ لیباریٹری ٹیسٹ کے مطابق جن 11 شیروں کے سیمپل بھیجے گئے تھے، ان میں سے 9 کی کورونا رپورٹ پازیٹو ہے۔ اس کی مزید باریکی سے تحقیق کے لیے سیمپل 4 جون کو انڈین ویٹنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بریلی اور سنٹر فار سیلولر اینڈ مالیکیولر بایولوجی، حیدر آباد بھیجا گیا ہے۔

پی آر او نے بتایا کہ وقت وقت پر سنٹرل زو اتھارٹی کے ذریعہ مرکز اور ریاستی حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کیا جاتا ہے۔ وہ سبھی شیر جو کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں، ان پر قریبی نظر رکھ کر ماہرین کی صلاح سے اِن-ہاؤس ویٹنری ٹیم کے ذریعہ علاج کیا جا رہا ہے۔ اس چڑیا خانہ میں سبھی جانوروں کے رکھ رکھاؤ میں لگے لوگوں اور ہیلپرس کو کورونا کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔