ہماری حکومت مسلم بہن-بیٹیوں کے ساتھ ہے: وزیر اعظم مودی
پی ایم مودی نے اپوزیشن پر مسلم خواتین کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ بی جے پی کے لئے ترقی میں بیٹیوں کی شراکت اولین ترجیح ہے۔ مسلم بہن-بیٹیاں ہماری اس صاف نیت سے اچھی طرح سے واقف ہیں۔
سہارنپور: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ایک بار پھر تین طلاق قانون کے حوالے سے اپوزیشن کو ہدف تنقید اور مسلم خواتین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم خواتین کو اس ظلم سے نجات دلانے کی وجہ سے ووٹوں کے کچھ ٹھیکدار مسلم بیٹیوں کے آگے بڑھنے کے ان کی توقعات میں حائل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ان کے منصوبوں کو ناکام کرنے کے لئے ان کی حکومت مسلم بہن- بیٹیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
مودی نے اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے والی سیٹوں پر بی جے پی کے انتخابی مہم میں شرکت کرتے ہوئے جمعرات کو سہارنپور میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کے ٹھیکیدار مسلم بہن۔ بیٹیوں کے حق اور ان کے آگے بڑھنے کی توقعات کو روکنے کے لئے نئے نئے طریقے تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن پر مسلم خواتین کو گمراہ کرنے کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ بی جے پی کے لئے ترقی میں بیٹیوں کی شراکت اولین ترجیح ہے۔ مسلم بہن-بیٹیاں ہماری اس صاف نیت سے اچھی طرح سے واقف ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج مغربی اترپردیش کی 11 اضلاع کی 58 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ گزشتہ 08 جنوری کو ریاست میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد ریاست میں مودی کی یہ پہلی انتخابی ریلی تھی۔ کووڈ پروٹوکول کی وجہ سے انہوں نے گزشتہ دنوں پہلے مرحلے کی ووٹنگ والی سیٹوں پر ورچولی خطاب کیا تھا۔
انتخابی سیاست کے اعتبار سے مغربی اترپردیش کے اہم ضلع سہارنپور میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے اپوزیشن سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کا نام لئے بغیر ان پر مسلم منھ بھرائی اور فسادات کی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔ اس موقع پر اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی امیدوار بھی موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔