موربی حادثہ کے لیے ذمہ دار کمپنی ’اوریوا گروپ‘ نے عارضی معاوضہ کے لیے 14.62 کروڑ روپے جمع کرائے
اوریوا گروپ نے معاوضہ کی رقم جمع کرنے کے ساتھ ساتھ پیشکش کی ہے کہ حادثے میں یتیم ہوئے سات بچوں کی تعلیم، علاج اور رہنے کا انتظام بھی یقینی کیا جائے گا۔
گجرات کے موربی پل حادثہ کے لیے ذمہ دار کمپنی ’اوریوا گروپ‘ گجرات ہائی کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے عارضی معاوضہ کی رقم جمع کر دی ہے۔ اوریوا نے منگل کے روز کارگزار چیف جسٹس اے جے دیسائی اور جسٹس بیرین ویشنو کی بنچ کو مطلع کیا کہ اس نے حادثہ کے متاثرین کے لیے 14.62 کروڑ روپے معاوضہ کی رقم ریاستی قانونی خدمات اتھارٹی میں جمع کرا دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے گجرات ریاستی لاء سروس اتھارٹی کے اراکین کو ہدایت دی ہے کہ متاثرین کی مناسب طریقے سے پہچان کے بعد افسران کے ذریعہ سے عارضی معاوضہ کی تقسیم یقینی بنائی جائے۔ واضح رہے کہ 22 فروری کو عدالت نے حکم دیا تھا کہ 135 مہلوکین کے گھر والوں کو عارضی معاوضہ کی شکل میں 10-10 لاکھ روپے اور حادثہ میں زخمی ہوئے سبھی 56 لوگوں کو 2-2 لاکھ روپے دیئے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : ستیہ پال کا ستیہ وچن!
دراصل اوریوا گروپ برطانوی دور کی تعمیرات کی دیکھ بھال اور رکھ رکھاؤ کے لیے ذمہ دار ہے۔ کمپنی نے معاوضہ کی رقم جمع کرنے کے ساتھ ساتھ پیشکش کی ہے کہ حادثے میں یتیم ہوئے سات بچوں کی تعلیم، علاج اور رہنے کا انتظام بھی یقینی کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ اوریوا گروپ ای-بائک، گھریلو سامان اور گھڑیاں بناتی ہے۔ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر جئے سکھ پٹیل کو موربی حادثہ معاملہ میں کلیدی ملزم بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پٹیل سمیت 9 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو فی الحال عدالتی حراست میں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔