دہلی-این سی آر میں 2 دنوں کے لیے بارش کا آرینج الرٹ، کئی ریاستوں میں خراب رہے گا موسم

ہندوستانی محکمہ موسمیات کے دہلی سنٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہلی-این سی آر میں آئندہ دو دنوں تک ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کی کئی ریاستوں میں اس وقت طوفان اور بارش نے قہر برپا کیا ہوا ہے۔ خصوصاً پہاڑی ریاستوں میں اس وقت بارش اور لینڈ سلائڈنگ نے قہر برپا کیا ہوا ہے۔ اتراکھنڈ و ہماچل پردیش میں بادل پھٹنے کے حادثہ سے ابھی لوگ پوری طرح باہر بھی نہیں نکلے ہیں اور طوفانی بارش کا دور ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔ تقریباً پورے شمالی ہند میں اس وقت آندھی اور بارش والے حالات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

ملک کی راجدھانی دہلی اور اس کے آس پاس والے علاقے میں بھی اتوار کی شام سے ہی ہلکی پھلکی بارش کا دور جاری ہے۔ اتوار کی شام اور رات کو راجدھانی دہلی میں کئی مقامات پر ہلکی بارش دیکھنے کو ملی۔ نوئیڈا، غازی آباد، باغپت اور میرٹھ میں بھی کئی جگہ بارش ہوئی۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے دہلی سنٹر کی رپورٹ کے مطابق دہلی-این سی آر میں آئندہ دو دنوں تک ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق پیر کو دہلی-این سی آر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سلسیس تک جا سکتا ہے، جبکہ کم از کم درجہ حرارت 27 ڈگری سلسیس رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر کے روز پورے دن دہلی-این سی آر کے آسمان میں بادل چھائے رہیں گے اور ہلکی پھلکی بارش بھی ہوگی۔ حالانکہ 6 اور 7 اگست کو یہاں زوردار بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح این سی آر سے باہر مغربی اتر پردیش اور ہریانہ میں بھی درمیانی سے تیز بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ممکنہ حالات کو دیکھتے ہوئے ان علاقوں کے لیے دو دنوں کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔


اس درمیان محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش میں پیر کے روز بھی جھماجھم بارش کا دور جاری رہے گا۔ لکھنؤ سمیت اتر پردیش کے کئی علاقوں میں گزشتہ چار دنوں سے خوب بارش ہو رہی ہے اور فی الحال حالات ایسے بنے رہ سکتے ہیں۔ اسی طرح پیر کو مدھیہ پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔ ان ریاستوں میں آئندہ تین دنوں تک زوردار بارش ہوگی۔ نتیجہ کار ان ریاستوں کے درجہ حرارت میں 3 ڈگری تک گراوٹ آ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق پیر-منگل کو سکم، آسام، جنوبی بہار، جھارکھنڈ، شمالی چھتیس گڑھ، مشرقی اتر پردیش، مغربی راجستھان، کونکن و گوا اور ساحلی کرناٹک میں زوردار بارش کا پورا امکان ہے۔ اسی طرح مغربی بنگال، تلنگانہ، وِدربھ، گجرات، شمالی راجستھان، کیرالہ، اروناچل پردیش، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش ہو سکتی ہے۔


واضح رہے کہ ہماچل پردیش سے لے کر اتراکھنڈ تک موسم نے لوگوں کو بے حال کر دیا ہے۔ ہماچل پردیش میں رامپور اور کلو سمیت کئی علاقوں میں بادل پھٹنے کے حادثہ کی وجہ سے اب تک 6 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ اسی طرح اتراکھنڈ کے کیدار وادی اور گوری کنڈ میں بھی بادل پھٹنے سے اب تک 6 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہاں تقریباً 9.5 ہزار لوگ پھنس گئے تھے جن میں سے تقریباً 9 ہزار لوگوں کو اتوار کی دوپہر تک بہ حفاظت باہر نکالا جا سکا تھا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے لیے آئندہ 7 دنوں کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔