پارلیمنٹ: گھوٹالوں پر حزب اختلاف کا ہنگامہ
لوک سبھا میں وقفہ سوالات نہیں ہو سکا
نئی دہلی: بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلے کے پہلے دن اپوزیشن اور حکمراں فریق کے اتحادی تیلگوددیشم پارٹی کے الگ الگ ایشوز پر ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا میں وقفہ سوالات نہیں ہو سکا۔
صبح 11 بجے ایوان کے شروع ہونے پر اسپیکر سمترا مہاجن نے چار آنجہانی سابق ارکان روڈولف روڈرگس، کملا پرساد سنگھ، كھگین داس اور کماری فریڈا ٹوپنو کے انتقال کی اطلاع دی اور تمام اراکین نے دو منٹ خاموشی رکھ کران ارکان کو خراج عقیدت پیش کی۔
اس کے بعد مہاجن نے جیسے ہی وقفہ سوالات شروع کرنے کا اعلان کیا، ویسے ہی تیلگو دیشم پارٹی کے رکن ہاتھوں میں پیلے رنگ کی تختیاں لے کر چیئر کے پاس جمع ہو گئے۔ ان کے پيچھے وائی ایس آر کانگریس کے رکن بھی آ گئے۔ تختیوں میں آندھرا پردیش کو خصوصی درجہ دینے کی مانگ کی حمایت میں نعرے لکھے تھے۔ ان کے پیچھے ہی تلنگانہ راشٹر سمیتی کے رکن ریاست میں ریزرویشن کا تناسب بڑھائے جانے کی مانگ کر رہے تھے۔
انادرمک کے رکن بھی ایوان کے وسط میں آ گئے لیکن شور شرابہ میں ان کے مطالبات سنائی نہیں دیئے۔ ترنمول کانگریس اور کانگریس کے رکن بینکوں میں گھوٹالے کا معاملہ اٹھا رہے تھے۔ انہوں نے ’نیرو مودی کہاں گیا‘ کے نعرے لگائے۔ اسپیکر نے اپوزیشن ارکان سے پرسکون رہنے اور اپنی اپنی سیٹ پر جانے کی اپیل کی لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ جس کے بعد مہاجن نے ایوان کی کارروائی 12 بجے تک کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلہ کا ہنگامہ خیز آغاز
پارلیمنٹ میں بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے اور حزب اختلاف کی جماعتوں کی طرف سے کئی مدوں پر ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اس اجلاس کے دوران مجوزہ بلوں کو منظور کرا لیا جائے۔
بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلہ کی شروعات میں حزب اختلاف نے حکومت پر حملہ کئے۔ پارلیمنٹ کے احاطہ میں ترنمول کانگریس کے ارکان نے پی این بی گھوٹالہ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
آندھرا پردیش کے لئے خصوصی درجہ کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹی ڈی پی (تیلگو یشم پارٹی) کے ارکان پارلیمنٹ نے لوک سبھا میں ہنگامہ کیا۔ اس وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی کو بھی ملتوی کرنا پڑا۔ ایسے ہی احتجاجوں کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی کو بیچ بیچ میں روکنا پڑا۔ ٹی ڈی پی نے خصوصی درجہ کی مانگ کو لے کر پارلیمنٹ کے احاطہ میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ خصوصی درجہ کی مانگ کو لے کر وائی ایس آر کانگریس کے ارکان نے بھی مظاہرہ کیا۔
ٹی ڈی پی کے رکن پارلیمنٹ شیو پرساد آندھرا پردیش کے لئے خصوصی درجہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کرشن کا روپ بن کر پالیمنٹ پہنچے۔ اس سے قبل وہ تانترک کا روپ بھی لے چکے ہیں۔
ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے ارکان پارلیمنٹ نے پی این بی (پنجاب نیشنل بینک) گھوٹالہ کے حوالہ سے اپنا احتجاج درج کرایا۔
قبل ازیں جن ادھیکارپارٹی کے صدر پپو یادو نے ایس ایس سی امتحان گھوٹالہ پر لوک سبھا میں تحریک التوا کا نوٹس دیا۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔