موربی پل حادثہ :’وزیر اعظم کے دورے سے پہلے اسپتال میں نئی ٹائلیں، پینٹنگ اور راتوں رات صفائی! ‘
وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ سے قبل موربی سیول اسپتال میں پتائی اور رنگائی کی تصویریں منظر عام پر آئی ہیں، جس پر اپوزیشن نے سوال اٹھائے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے آج یعنی 1 نومبرکو موربی کے دورے سے پہلے اپوزیشن نے سنگین سوال اٹھائے ہیں۔ وزیر اعظم مودی موربی سیول اسپتال میں معلق پل کے حادثے کے متاثرین سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل ایسی تصویریں منظر عام پر آ رہی ہیں، جن میں پی ایم مودی کی آمد سے قبل اسپتال کو چمکایا کیا جا رہا ہے۔
کانگریس لیڈر سپریا شرینیت نے پیر کو یعنی کل ٹویٹر پر پی ایم مودی کے دورے پر سوال اٹھاتے ہوئے تصویریں شیئر کیں۔ کئی دوسرے لیڈروں نے بھی ان کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا ہے۔ سپریا شرینیت نے ٹویٹ میں لکھا، ’’پی ایم مودی کل موربی کے سیول اسپتال جائیں گے، اس کے لیے اسپتال کو جنگی بنیادوں پر پینٹ کیا جا رہا ہے۔ چمکتی ہوئی دیواروں اور نئے ٹائلوں والے ہسپتال میں، زخمی شاید بہتر محسوس کر رہے ہوں، امید کی جانی چاہیے۔ سانحہ موربی میں 200 کے قریب افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔‘‘
اس کو ریٹویٹ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے لکھا، ’’وزیراعظم، آپ کو کیا ہوگیا ہے؟ ابھی پوری لاشیں بھی نہیں ملیں، آج کئی گھروں میں چولہا بھی نہیں جلتا اور یہاں بھی تماشا سوجھ رہا ہے؟‘‘
عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے سوربھ بھاردواج نے ٹویٹ کیا، ’’اگر گھر میں کوئی مر جاتا ہے تو کیا کوئی رنگائی پتائی کرواتا ہے ؟ اسپتال کے اندر 134 لاشیں پڑی ہیں اور اسپتال کی پینٹنگ کا کام جاری ہے۔‘‘
بھاردواج کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے لکھا، ’’27 سالوں میں بی جے پی نے سرکاری اسپتالوں میں کوئی کام نہیں کیا۔ آج وزیر اعظم کے دورہ کے دوران ملک کو گجرات کے اسپتالوں کی حقیقت، بی جے پی کی 27 سال کی ناکامی کا سچ نظر نہ آئے، تو لاشوں کے درمیان سوگ کی فضا میں بھی پتائی جاری ہے یہ سب بہت شرمناک ہے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔