پی ایم مودی کی اپیل پر اپوزیشن نے کہا ”ہم دیا جلائیں گے، لیکن آپ ماہرین اقتصادیات کی تو سنیں“

کورونا وائرس کی دہشت کے درمیان پی ایم مودی نے جمعہ کو ویڈیو پیغام کے ذریعہ لوگوں سے کئی باتیں کہیں۔ اتوار کی شب 9 بجے موم بتی جلانے کی بھی گزارش انھوں نے عوام سے کی جس پر اپوزیشن نے تلخ رد عمل دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان بھر میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ اس درمیان تیسری بار پی ایم مودی نے ملک کے باشندوں کو پیغام دیا۔ اس بار پی ایم مودی نے لوگوں سے اجتماعیت ظاہر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتوار کی شب 9 بجے اپنے گھروں کی تمام بتیاں بجھا دیں اور 9 منٹ کے لیے دیا، موم بتی، ٹارچ یا موبائل فلیش لائٹ جلائیں۔ پی ایم مودی کی اس اپیل پر اپوزیشن پارٹی کے کئی لیڈران کا تلخ رد عمل سامنے آیا ہے۔

سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم نے پی ایم مودی کے ویڈیو پیغام کے بعد ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ "وزیر اعظم جی، ہم آپ کی سنیں گے اور 5 اپریل کو دیا بھی جلائیں گے۔ لیکن بدلے میں آپ ہماری، وبائی معاملوں کے ماہرین اور ماہرین اقتصادیات کے دانشمندانہ مشورے کو سنیں۔" سابق وزیر مالیات نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم کے خطاب کے بعد مزدور طبقہ، کاروباری اور دہاڑی مزدور مایوس ہوئے جو اقتصادی ترقی کے لیے کچھ اچھے اقدام اٹھائے جانے کی امید لگائے ہوئے تھے۔ پی چدمبرم کا کہنا ہے کہ "علامتیں بہت اہم ہیں، لیکن نظریات اور اقدام کو لے کر سنجیدگی سے غور کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔"


کانگریس لیڈر کپل سبل نے پی ایم مودی کے ویڈیو پیغام پر اپنا تاثر پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ان مسئلوں پر حکومت کے اقدام سننے کو نہیں ملے...

1. وائرس کو روکنا

2. میڈیکل اہلکاروں کی حفاظت

3. ٹیسٹنگ کِٹ مہیا کرنا

4. غریبوں تک کھانے کی رسائی

5. مہاجر مزدور، جو کہ بے روزگار ہو گئے ہیں، کی معاشی مدد"

ساتھ ہی کپل سبل نے یہ بھی لکھا ہے کہ "دیا کسی مقصد سے جلائیں، اندھے عقیدہ کے لیے نہیں۔"


مہاراشٹر حکومت میں وزیر اور کانگریس لیڈر نتن راؤت نے بھی پی ایم مودی کے ویڈیو پیغام پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ "دنیا کے 'پنت پردھان' (بڑے لیڈر) کورونا کا علاج ڈھونڈ رہے ہیں اور اس سے لڑنے کا انتظام کر رہے ہیں۔ وہیں ہمارے ملک کے وزیر اعظم 'کبھی تالی بجوا رہے ہیں، کبھی موم بتی جلوا رہے ہیں۔' اسی سے ہم کورونا سے جیتیں گے۔"


این سی پی لیڈر نواب ملک نے پی ایم مودی پر طنز کے تیر چلائے ہیں۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "9 بجے صبح پی ایم مودی جی کی تقریر سے ملک کے باشندوں کو زبردست مایوسی ہی ہوئی۔ سوچا تھا چولہا جلانے کی بات ہوگی، صاحب دیا جلانے کا پیغام دے گئے۔"


Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔