جموں و کشمیر: بارہمولہ میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم، 3 ملی ٹینٹ ہلاک

بارہمولہ میں 'آپریشن چک ٹپر' کے دوران سیکورٹی فورسز نے 3 ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر دیا۔ ضلع کشتواڑ میں بھی انکاؤنٹر جاری ہے، جس میں دو جوان شہید ہوئے ہیں

<div class="paragraphs"><p>کشمیر میں انکاؤنٹر / یو این آئی</p></div>

کشمیر میں انکاؤنٹر / یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

سری نگر: جموں و کشمیر کے بارہمولہ میں فوجی کارروائی 'آپریشن چک ٹپر' جاری ہے، اس کے دوران سیکورٹی فورسز نے 3 ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائی صبح کے وقت شروع ہوئی اور فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیر لیا اور دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ وہیں، کشتواڑ میں جمعہ کو دو مقامات پر ہونے والے تصادم میں دو فوجی شہید ہو گئے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق بارہمولہ کے علاوہ کشتواڑ میں بھی ملی ٹینٹوں سے انکاؤنٹر جاری ہے۔

بارہمولہ میں علی الصبح ایک بار پھر دونوں طرف سے فائرنگ شروع ہو گئی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ پولیس سب ڈویژن پٹن کے علاقے چک ٹپر میں واقع باغ میں واقع عمارت میں کچھ ملی ٹینٹ چھپے ہوئے ہیں۔ فوج اور جموں کشمیر پولیس کے اہلکار مسلسل ملی ٹینٹوں کی تلاش کر رہے ہیں اور فی الحال تین ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا ہے۔


ہندوستانی فوج کی چنار کور نے ایک پوسٹ میں کہا، ’’آپریشن چک ٹپر بارہمولہ۔ ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہندوستانی فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے 13-14 ستمبر کی درمیانی رات کو خصوصی مشترکہ مہم شروع کی تھی۔ بارہمولہ کے علاقے چک ٹپر کری میں جاری آپریشن میں دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔‘‘

یہ انکاؤنٹر اُدھم پور ضلع کے بسنت گڑھ کے بالائی علاقوں میں جیش محمد تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو پاکستانی ملی ٹینٹوں کو فوج کے ذریعہ ہلاک کرنے کے دو دن بعد کیا گیا۔

اس سے قبل جمعہ کی شام کو کشتواڑ میں ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے چھترو علاقے کے نیدگام علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی، جس دوران انکاؤنٹر ہوا۔ فوجیوں کا ملی ٹینٹوں سے آمنا سامنا ہوا اور تقریباً 3.30 بجے انکاؤنٹر شروع ہوا۔ اس دوران دو فوجی شہید ہوئے۔ شہید فوجیوں کی شناخت نائب صوبیدار وپن کمار اور کانسٹیبل اروند سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ دو دیگر فوجی زخمی ہوئے ہیں اور اُدھم پور کے آرمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔