راج بھر کے بیٹے نےبی جے پی کارکنان کے قدموں پر گر کر معافی مانگی
کابینی وزیر اوم پرکاش راج بھر نے اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی رہنماؤں کے ساتھ بدسلوکی کی تھی۔ اس وجہ سے بی جے پی کارکنان ناراض تھے جس کے لیے اروند راج بھر نے معافی مانگی۔
لوک سبھا انتخابات 2024 کی تاریخوں کے اعلان کے بعد سے، اتر پردیش میں تمام پارٹیوں نے اپنی اپنی انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔ اس دوران کابینہ کے وزیر اوم پرکاش راج بھر کے بیٹے اروند راج بھر کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے۔ یوپی کی گھوسی سیٹ سے این ڈی اے امیدوار اروند راج بھر نے ناراض بی جے پی کارکنان کے قدموں پر گر کر معافی مانگی اوراس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے کابینی وزیر اوم پرکاش راج بھر کے بیٹے اروند راج بھر سے بی جے پی کارکنان کے قدموں پر گرکر معافی مانگنے کو کہا ۔ واضح رہے کابینی وزیر اوم پرکاش راج بھر نے اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی لیڈروں کے ساتھ بدسلوکی کی تھی۔ اس وجہ سے بی جے پی کارکن ناراض تھے اور ڈپٹی سی ایم برجیش پاٹھک انہیں تسلی دینے پہنچے۔ ڈپٹی سی ایم برجیش پاٹھک نے اروند راج بھر کو اسٹیج سے اٹھایا اور پھر گھٹنوں کے بل معافی مانگنے پر مجبور کیا۔ اس کے بعد دوبارہ جئے شری رام کے نعرے لگائے گئے۔
واضح رہے کہ اتر پردیش میں 2022 کے اسمبلی انتخابات کے دوران سبھا ایس پی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر سماج وادی پارٹی کے ساتھ تھے۔ اس الیکشن میں اوم پرکاش راج بھر بی جے پی کے تئیں بہت سخت تھے اور انہوں نے بی جے پی لیڈروں کو سخت نشانہ بنایا تھا۔ تاہم انتخابات میں ایس پی اتحاد کی شکست کے بعد وہ اکھلیش یادو کا ساتھ چھوڑ کر دوبارہ این ڈی اے میں شامل ہو گئے۔ تاہم، ان کے بیانات کو لے کر بی جے پی کارکنان میں ناراضگی تھی، جسے اب ڈپٹی سی ایم برجیش پاٹھک نے دور کیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ برجیش پا ٹھک کی کوشش کتنا کامیاب ہوتی ہے۔
اروند راج بھر گھوسی لوک سبھا سیٹ سے سبھا ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس سیٹ پر بی جے پی ان کی حمایت کرے گی، او پی راج بھر کے این ڈی اے میں واپس آنے کے بعد بی جے پی نے یہ سیٹ سبھا ایس پی کے لیے خالی چھوڑ دی ہے۔ 2019 کے انتخابات میں بی ایس پی کے اتل رائے نے یہ سیٹ جیتی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔