سپریم کورٹ میں آج سے کام کرنے لگے گا آن لائن آر ٹی آئی پورٹل، جانکاری حاصل کرنا ہوا مزید آسان

اس پورٹل کے ذریعہ آپ آسانی سے درخواست کر سکتے ہیں، اس کے لیے سب سے پہلے درخواست دہندہ کو اپنی لاگ اِن آئی ڈی بنانی پڑے گی، اس کے بعد مانگی جا رہی اطلاع کا فارم بھرنا ہوگا۔

سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

اب سپریم کورٹ سے کسی بھی چیز کی جانکاری آر ٹی آئی کے ذریعہ حاصل کرنا مزید آسان ہو گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے حال ہی میں آن لائن آر ٹی آئی پورٹل لانچ کیا تھا جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ آج سے یہ باضابطہ کام کرنے لگے گا۔ دراصل ملک کے نظامِ انصاف کو بہتر بنانے کے لیے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ لگاتار کوششیں کر رہے ہیں۔ اسی کے تحت آر ٹی آئی پورٹل کو تیار کیا گیا ہے تاکہ آن لائن درخواست کرنے میں آسانیاں پیدا ہو جائیں۔ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندچوڑ نے اس سے متعلق کہا ہے کہ آج (24 نومبر) سے یہ پورٹل پوری طرح سے کام کرنے لگے گا۔

قابل ذکر ہے کہ اس پورٹل (registry.sci.gov.in/rti_app) کی لانچنگ کے بعد سے ہی لوگوں کو انتظار تھا کہ کب سے یہ کام کرنا شروع ہوگا۔ اب چیف جسٹس آف انڈیا چندرچوڑ نے کہا ہے کہ امید ہے یہ پورٹل لوگوں کو آسانی سے سپریم کورٹ کے بارے میں جانکاری مہیا کرائے گا۔ ابھی تک سپریم کورٹ سے جانکاری لینے کے لیے بذریعہ ڈاک ہی آر ٹی آئی ڈالنی پڑتی تھی۔


اس پورٹل کے ذریعہ آپ آسانی سے درخواست کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے سب سے پہلے درخواست دہندہ کو اپنی لاگ اِن آئی ڈی بنانی پڑے گی۔ اس کے بعد مانگی جا رہی اطلاع کا فارم بھرنا ہوگا۔ آخر میں 10 روپے کی فیس آن لائن جمع کرنی ہوگی۔

واضح رہے کہ 13 نومبر 2019 کو دیئے گئے ایک تاریخی فیصلے میں سپریم کورٹ چیف جسٹس کے دفتر کو بھی ’پبلک آفس‘ قرار دے چکا ہے۔ یعنی سپریم کورٹ بھی آر ٹی آئی ایکٹ، 2005 کے تحت ایک پبلک آفس ہے، اور اس کے کام سے جڑی جانکاری شہری مانگ سکتے ہیں۔ 2019 میں عدالت نے زور دے کر کہا تھا کہ بلاشبہ آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت لوگوں کو جانکاریاں ملیں گی۔ ایک دن چیف جسٹس کا دفتر بھی اس قانون کے دائرے میں آئے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔