اترپردیش: اسمبلی ضمنی انتخابات میں اتحاد کو آزمانے کا ایک اور موقع

حالیہ اختتام پذیر ہوئے عام انتخابات میں ریاست کے موجودہ 11 گیارہ اراکین اسمبلی رکن پارلیمان منتخب ہوئے ہیں۔ اس وجہ سے ان کےذریعہ خالی کی گئی سیٹوں پر جلد ہی ضمنی انتخابات ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: عام انتخابات میں شکست فاش کےبعد ایس پی۔ بی ایس پی اتحاد نے اترپردیش میں ہونے والے اسمبلی ضمنی انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اترپردیش میں آنے والے مہینوں پر گیارہ سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ایس پی۔بی ایس پی لیڈروں کے مطابق اکھلیش یادو اور مایاوتی نے اتحاد کو 2022 تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے اور 11 سیٹوں پر ضمنی انتخابات میں اتحاد کو آزمانے کا ایک اور موقع ہے۔

لوک سبھا انتخابات کے بعد اتحاد کو اپنے پارٹنر شپ کو ریاستی سطح پر آزمانے کے لئے ضمنی الیکشن پہلا موقع ہے۔ ملحوظ رہے کہ حالیہ اختتام پذیر ہوئے عام انتخابات میں ریاست کے موجودہ 11 گیارہ اراکین اسمبلی رکن پارلیمان منتخب ہوئے ہیں۔ اس وجہ سے ان کےذریعہ خالی کی گئی سیٹوں پر جلد ہی ضمنی انتخابات ہوں گے۔


بی ایس پی ذرائع کے مطابق ’’گزشتہ روز دہلی روانہ ہونے سے قبل مایاوتی نے پارٹی اراکین سے کہا کہ ایس پی۔ آر ایل ڈی کے ساتھ پارٹی کا اتحاد جاری رہے گا۔ اب تمام کی آنکھیں ریاست میں 11 اسمبلی حلقوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج پر مرکوز ہیں۔

اگرچہ اتحاد عام انتخابات میں متوقع سیٹیں جیتنے میں ناکام رہا۔ اور اتحاد صرف بی ایس پی کے لئے فائدے کا سودا ثابت ہوا جس کے اراکین پارلیمان کی سیٹیں صفر سے 10 تک پہنچ گئیں۔ لیکن سماج وادی پارٹی اس ضمن میں بدقسمت ثابت ہوئی اور پارٹی سربراہ کی بیوی ڈمپل یادو، چچیرے بھائی دھرمیندر یادو اور اکشے یادو کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


اراکین اسمبلی جو لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے ہیں ان میں سے یوگی کابینہ میں شامل ریتا بہوگنا لکھنؤ کینٹ کی سیٹ خالی کریں گی وہ الہ آباد سے رکن پارلیمان منتخب ہوئی ہیں۔ اسی طرح سے ستیہ دیو پچوری جو کانپور کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کریں گے ان کی اسمبلی سیٹ گوند نگر میں ضمنی انتخاب ہوں گے۔ ایس پی سنگھ بگھیل آگرہ سے منتخب ہوئے ہیں اور وہ ٹنڈلہ اسمبلی حلقے کو خالی کریں گے۔

دوسرے بی جے پی اراکین اسمبلی جو اسمبلی سیٹیں خالی کریں گے ان میں پرتاپ گڑھ سے ایم ایل اے سنگم لال گپتا، سہارنپور ایم ایل اے پردیپ کمار، چتر کوٹ ایم ایل اے آر کے سنگھ پٹیل، بارہ بنکی ایم ایل اے اوپیندر کشواہا، بہرائچ ایم ایل اے اکشے ور لال اور علی گڑھ ایم ایل اے راجیویر سنگھ شامل ہیں۔


واحد ایس پی ایم ایل اے جو پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہوئے وہ پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان ہیں۔ اعظم رامپور پارلیمانی حلقے سے منتخب ہوئے ہیں اور اب اپنی اسمبلی سیٹ خالی کریں گے۔ جلال پور سے بی ایس پی ایم ایل اے رتیش جو کہ اب امبیڈکر نگر سے رکن پارلیمان منتخب ہو ئے ہیں اپنی سیٹ جلال پور سیٹ خالی کریں گے اور ان سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔