جموں و کشمیر میں روزانہ کی جائے گی ایک لاکھ بچوں کی ٹیکہ کاری
محکمہ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ایڈیشنل چیف سکریٹری وویک بھاردواج نے مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ایک ہمہ گیر پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔
سری نگر: جموں و کشمیر حکومت نے پیر کے روز یونین ٹریٹری میں 15 سے 18 برس کی عمر تک کے بچوں کے لئے پہلی کورونا ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے جموں و کشمیر کے بیس اضلاع میں 822 ویکسینیشن مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
محکمہ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ایڈیشنل چیف سکریٹری وویک بھاردواج نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ سری نگر میں مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ایک ہمہ گیر پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں 8 لاکھ 33 ہزار بچوں کی ٹیکہ کاری کرائی جائے گی اور ہر روز ایک لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کے لئے 17 لاکھ ویکسینز کی ضرورت ہے اور اس کے لئے ہمارے پاس 2 لاکھ 80 ہزار ویکسین دستیاب ہیں۔ موصوف نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں اسٹاک پہنچانے کے لئے بھی بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہائے اس زودِ پشیماں کا پشیماں ہونا... اعظم شہاب
دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ویکسینیشن کو کورونا وبا سے لڑنے کے لئے موثر ترین ہتھیار قرار دیتے ہوئے بچوں کو یہ ویکسین کرانے کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوuٹ میں کہا کہ ’جموں وکشمیر میں 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کی ٹیکہ کاری مہم شروع ہوگئی۔ میری اپنے بچوں سے گزارش ہے کہ وہ یہ ویکسین ضرور کرائیں‘۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے لڑنے کے لئے ویکسینیشن ہی موثر ترین ہتھیار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔