جین طبقہ کا ایک شخص کورونا پازیٹو پایا گیا، مہاویر جینتی تقاریب منسوخ
جین طبقہ کے رکن کشور مُتا نے کہا ”ہمارے طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے کورونا وائرس مثبت پائے جانے کی اطلاع ہمیں ملی ہے۔ وہ اور اس کے ارکان خاندان گاندھی اسپتال کے الگ تھلگ وارڈ میں ہیں“۔
حیدرآباد: جین طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع کے بعد حیدرآباد کے جین طبقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جس کے بعد اس طبقہ نے 6 اپریل کو ہونے والی مہاویر جینتی تقاریب میں حصہ نہ لینے اور گھروں تک ہی محدود رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تلنگانہ کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہیلتھ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ایک شخص لندن سے حال ہی میں واپس ہوا جبکہ جین طبقہ کے ارکان نے کہا کہ وہ دبئی سے واپس ہوا۔ اس طبقہ کے رکن کشور مُتا نے کہا ”ہمارے طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے کرونا وائرس سے مثبت پائے جانے کی اطلاع ہمیں ملی ہے۔ وہ اور اس کے ارکان خاندان گاندھی اسپتال کے الگ تھلگ وارڈ میں ہیں“۔
اس خاندان کے قریبی ایک شخص نے کہا کہ یہ شخص اور اس کی بیوی حال ہی میں دبئی سے واپس ہوئے جہاں انہوں نے اپنی بیٹی کے پاس تقریباً 15 دن قیام کیا۔ یہ دونوں 18 مارچ کو واپس ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس شخص کا تعلق پرانے شہر حیدرآباد کے علاقہ شمشیر گنج سے ہے۔
حیدرآباد جین طبقہ کے صدر ونود کمٹی نے کہا کہ ان کا پرانا مکان شمشیر گنج میں ہے جبکہ وہ حال ہی میں سکندرآباد منتقل ہوگئے۔ حیدرآباد میں جین طبقہ کی آبادی تقریباً 50 ہزار ہے۔ جین طبقہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پرانا شہر نہ جائیں اور چند دنوں تک کسی سے بھی ملاقات نہ کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔