دیوالی کے دن نتیش حکومت نے کسانوں کو دیا چھٹھ کا تحفہ، سبھی کسان کنبوں کو ملیں گے 3500 روپے

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے خود اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اس سلسلے میں جانکاری لوگوں کو دی اور بتایا کہ کوئی بھی متاثرہ کنبہ چھوٹے نہیں، اس سلسلے میں افسران کو دھیان دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے دیوالی کے دن کسانوں کو چھٹھ کا بہترین تحفہ دیا ہے۔ حکومت بہار نے رواں سال خشک سالی کا سامنا کر رہے ضلعوں کے ہر کسان کنبہ کو 3500 روپے دینے کا اعلان کیا ہے، اور اس سلسلے میں افسران کو احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ کسانوں کے اکاؤنٹ میں یہ رقم چھٹھ تہوار سے پہلے ٹرانسفر کر دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے خود اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اس سلسلے میں جانکاری لوگوں کو دی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ریاست کے 11 خشک سالی سے متاثر اضلاع کے 96 بلاکوں کے 937 پنچایتوں میں 7841 ریونیو گراموں اور اس کے تحت آنے والے سبھی گاؤں، ٹولوں اور بساوٹوں کے سبھی متاثرہ کنبوں کو خصوصی امداد کی شکل میں 3500 روپے ان کے بینک اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کیا جا رہا ہے۔ کوئی بھی متاثرہ کنبہ چھوٹے نہیں، اس سلسلے میں افسران کو دھیان دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔


واضح رہے کہ رواں سال شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں کم بارش کے سبب کسانوں پر خشک سالی کی مار پڑی ہے۔ بہار بھی اس سے بچ نہیں سکا ہے۔ وقت پر بارش نہ ہونے کے سبب دھان کی بوائی میں بھی تاخیر ہوئی تھی، اور جن لوگوں نے کسی طرح سے دھان کی بوائی کر بھی دی تو فصل سوکھ جانے کی وجہ سے ان کی پیداوار بری طرح متاثر ہوئی۔ ایسے میں کئی کنبوں کے سامنے زندگی گزارنا دشوار ہو گیا ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے بہار حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ متاثرہ کسانوں کو چھٹھ کے موقع پر کچھ راحت پہنچائی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔