لوک سبھا کی رکنیت بحال نہ کرنے پر سنجے راؤت نے کہا- 'حکومت راہل گاندھی سے خوفزدہ'

سپریم کورٹ سے راہل گاندھی کو راحت ملنے کے بعد شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راؤت نے اپنی پارلیمنٹ کی رکنیت بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے

سنجے راؤت / ٹوئٹر / @ANI
سنجے راؤت / ٹوئٹر / @ANI
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مودی کنیت ہتک عزتی کے معاملہ میں کانگریس لیڈر اور سابق صدر راہل گاندھی کی سزا معطل ہو جانے کے بعد ان کی لوک سبھا کی رکنیت بحال کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ کانگریس لیڈران کے بعد اب شیوسینا نے بھی اس کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ شیوسینا (یو بی ٹی) کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا پر طنز کیا ہے۔

انہوں نے کہا ’’حکومت راہل گاندھی سے خوفزدہ ہے۔ سورت کی عدالت کے فیصلے کے فوراً بعد اسپیکر نے انہیں معطل کر کے گھر سے نکال دیا۔ سپریم کورٹ نے اس فیصلے پر روک لگا دی۔ آج اس فیصلے کو تین دن ہو گئے لیکن اسپیکر کہہ رہے ہیں کہ انہیں مطالعہ کرنا ہے۔ کیا آپ نے ہٹائے جانے سے پہلے مطالعہ کیا تھا؟ اج آپ کیا کر رہے ہیں؟ کیا آپ اس موضوع پر پی ایچ ڈی کرنا چاہتے ہیں؟‘‘


قبل ازیں، سنجے راؤت نے جمعہ (4 اگست) کو کہا تھا، "سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد لوک سبھا اسپیکر کو رارہل گاندھی (پارلیمنٹ کی رکنیت کے لیے) کی نااہلی کو منسوخ کر دینا چاہیے۔ راہل گاندھی گزشتہ دو سالوں سے بی جے پی کی زیرقیادت حکومت کے خلاف جس طرح کے حملے کر رہے تھے، اس کے سبب لوک سبھا کے رکن کے طور پر ان کی نااہلی انہیں پارلیمنٹ سے باہر پھینکنے کے 'مقصد' سے لیا گیا منصوبہ بند اقدام تھا۔‘‘

راؤت نے دعویٰ کیا ’’مجھے سمجھ نہیں آ رہی ہے کہ راہل گاندھی کو (سورت کی ٹرائل کورٹ نے) کیوں قصوروار ٹھہرایا۔ ہائی کورٹ نے کیا کیا؟ ہائی کورٹ کو اس فیصلے پر موقف اختیار کرنا چاہیے تھا لیکن گجرات میں کسی بھی عدالت کو آئین اور انصاف سے کوئی سروکار نہیں ہے۔‘‘

خیال رہے کہ راہل گاندھی کو سورت کے ٹرائل کورٹ کےک اس معاملے میں قصوروار ٹھہرائے جانے اور دو سال کی سزا سنائے جانے کے بعد لوک سبھا سے نااہل قرار دے دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔