اومیکرون بحران: ممبئی میں دفعہ 144 نافذ، نئے سال پر 7 جنوری تک پارٹی کرنے پر پابندی
کورونا کے معاملوں میں لگاتار اضافہ کے سبب نئے سال کا جشن پھیکا پڑ گیا ہے، ممبئی میں ایک ہی دن میں معاملوں کی تعداد دوگنی ہونے کے سبب دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور یہ 7 جنوری تک نافذ رہے گی۔
ممبئی: کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے معاملوں میں خطرناک طریقہ سے اضافہ درج کیا جا رہا ہے اور ملک میں تیسری لہر نے دستک دینی شروع کر دی ہے۔ ممبئی میں گزشتہ روز کورونا کے 2510 نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی۔ اس کے پیش نظر انتظامیہ نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ دفعہ 144 کا 7 جنوری تک نفاذ رہے گا، یعنی اب نئے سال کے موقع پر پارٹی نہیں کی جا سکے گی۔
رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے ممبئی میں 30 دسمبر سے 7 جنوری تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ عوامی مقامات پر نئے سال کے جشن پر بھی پابندی عائد رہے گی۔ اس دوران ریستوران، ہوٹل، بار، پب، ریزارٹ اور کلب میں بھی کوئی جشن نہیں منایا جا سکے گا۔
ممبئی میں بدھ کے روز 2510 نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی جبکہ اس سے ایک روز قبل منگل کے روز 1377 کیسز ہی سامنے آئے تھے۔ تاہم بدھ کے روز 251 مریضوں نے شفایابی حاصل کی اور ایک مریض فوت ہو گیا۔ وزیر صحت راجیش ٹوپے کے مطابق ریاست میں کورونا کا پازیٹوٹی ریٹ خطرناک طریقہ سے بڑھ رہا ہے۔ فی الحال پازیٹوٹی ریٹ 4 فیصد ہے لیکن اگر یہ 5 فیصد تک جاتا ہے تو ممبئی میں بھی دہلی کی طرح پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو کورونا کیسز میں اضافہ پر توجہ دینی ہوگی اور شادی کی تقاریب میں لوگوں کی بڑی تعداد کو جمع کرنے سے اجتناب کرنا ہوگا۔
ادھر، محکمہ صحت کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ممبئی میں کورونا کے معاملوں میں اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن بیشتر مریضوں کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آ رہی ہے۔ ممبئی کے ڈی وارڈ میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دروان 354 معاملوں کی تصدیق کی گئی اور ان میں سے صرف 14 کو احتیاط کے طور پر اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ تاہم تشویش ناک بات یہ ہے کہ 354 مریضوں میں سے تقریباً 75 فیصد افراد ایسے تھے جن کو کورونا کی دونوں خوراکیں لگ چکی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔