ہندوستان – پاکستان تعلقات میں بہتری خوش آئندہ: عمر عبداللہ
نیشنل کانفرنس ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستی کی حامی رہی ہے اور ہمیشہ اچھے رشتوں کی وکالت کرتی آئی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تناؤ کی کمی کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے جس طرح سے سرحدوں پر تناؤختم کرنے کے لئے فائربندی عمل میں لائے ہیں اور جس طرح سے دونوں ممالک کی طرف سے مثبت بیانات سامنے آ رہے ہیں، اُمید ہے کہ دونوں ممالک اپنی رنجشوں اور تلخیوں کو ترک کر کے تمام مسائل پر بات چیت کی میز پر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستی کی حامی رہی ہے اور ہمیشہ اچھے رشتوں کی وکالت کرتی آئی ہے۔ان باتوں کا اظہار عمر عبداللہ نے پارٹی ہیڈکوارٹرز پر صوبہ کشمیر کے صوبائی سطح کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔
اس موقع پر پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کے علاوہ سینئر پارٹی رہنام، زونل صدور، ضلع صدور، انچارج کانسچونسیز اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے پُرعزم ہیں اور یہ جماعت یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی، فارغ البالی اور تعمیر و ترقی میں اپنا رول نبھاتی رہے گی۔
این سی ترجمان کے مطابق طویل اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امورات، لوگوں کے مسائل و مشکلات، یوتھ ونگ کی تنظیم نو اور پارٹی ممبرشپ کے معاملات زیر بحث آئے۔عمر عبداللہ نے اجلاس کے دوران مزید کہا ہے کہ ہمیں اللہ پر بھروسہ ہے اور اس بات سے مطمئن ہیں کہ ہمیں تینوں خطوں کے عوام کا تعاون، اشتراک اور پشت پناہی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا: 'حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں لوگوں نے جس طرح نیشنل کانفرنس کو اپنا تعاون اور اشتراک دیا وہ حوصلہ افزا ہے اور اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ نیشنل کانفرنس یہاں کے عوام کی ہردلعزیز جماعت ہے'۔عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم آج بھی اپنے قول و فعل پر قائم ہیں اور عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے برسرجہد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر میں جمہوریت کو دوام بخشنے کے لئے بیش بہا قربانیاں پیش کیں اور گزشتہ 30 سال کے دوران ہم نے بہت کچھ سہا ہے لیکن عوام نے اپنے اشتراک سے اس جماعت کو ہر امتحان میں سرخرو کیا۔
عمر نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ممبرشپ کو گھر گھر پہنچائے اور عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور نظیمی کی تمام اکائیوں کی مضبوطی کے لئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف ماضی میں بھی سازشیں ہوئیں، اس وقت بھی ہو رہی ہیں اور مستقبل میں بھی ہوتی رہیں گے لیکن ہمیں ثابت قدم رہ کر آپس میں اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کر کے سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔