عمر عبداللہ کی حلف برداری آج، دس رہنما بن سکتے ہیں وزیر
نیشنل کانفرنس کی یہ حکومت کانگریس کی حمایت سے بنے گی۔ حلف برداری کی تقریب میں اپوزیشن کے نامور رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے جو اپوزیشن اتحاد کا مظاہرہ کرنے کا پلیٹ فارم بھی ہوگا۔
آخر کار جموں و کشمیر میں نئی حکومت بننے جا رہی ہے۔ عمر عبداللہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ نیشنل کانفرنس کی یہ حکومت کانگریس کی حمایت سے بنے گی جس نے انتخابات سے پہلے اتحاد کیا تھا۔
عمر عبداللہ ڈل جھیل کے کنارے واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں حلف اٹھائیں گے، جو بطور وزیر اعلیٰ ان کی دوسری مدت ہوگی۔ اس دوران اپوزیشن کے وزرائے اعلیٰ، رہنماؤں اور عہدیداروں کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ مہاراشٹرا-جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی یہ اپوزیشن جماعتوں کے لیے طاقت دکھانے کا پلیٹ فارم بھی ثابت ہوگا۔ نیشنل کانفرنس کی حکومت میں کانگریس کتنا رول ادا کرے گی یہ تو حکومت بننے کے بعد ہی پتہ چلے گا، لیکن نیشنل کانفرنس کے کئی ایم ایل اے کو وزارتی عہدے مل سکتے ہیں۔
ذرائع کی مانیں تو کانگریس پارٹی کو کابینہ کے دس عہدوں میں سے ایک عہدہ ملے گا ۔ جموں و کشمیر میں عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت کی حلف برداری کی تقریب سے ایک دن قبل اتحادی پارٹنر کانگریس نے پارٹی جنرل سکریٹری غلام احمد میر کو کانگریس قانون ساز پارٹی کا لیڈر مقرر کیا ہے۔ واضح رہے جموں و کشمیر میں کئی سال بعد اسمبلی بننے جا رہی ہے۔
عمر عبداللہ کی حلف برداری کی تقریب میں کئی سیاسی رہنماؤں کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں ۔اس تقریب میں کانگریس کی جانب سے صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی (قائد حزب اختلاف) ، مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی، تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن ، جھارکنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین ، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان، این سی پی (ایس پی) سربراہ شرد پوار، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو، آر جے ڈی کے رہنما لالو پرساد، ، شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال شرکت کر سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔