میوات میں غریبوں کے لئے ’آسرا ‘قائم

سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی میوات کی اعلیٰ تعلیم یافتہ بیٹی پروین بانو امریکہ میں مقیم تھیں جو اب خدمت خلق کے ارادے سے وطن لوٹ آئیں ہیں۔

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

سماجی کارکن پروین بانو کی کاوشوں نے نتیجہ میں اسلامک مشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام بے سہارا بزرگوں اور یتیم بچوں کے لئے خطہ میوات کے نوح شہر میں ایک رہائش گاہ کا قیام کیا گیا ہے جسے ’آسرا‘ نام دیا گیا ہے۔ یکم جنوری کو ایک تقریب کے دوران ’آسرا‘ کا افتتاح کیا گیا۔

تقریب کے دوران پروین بانو نے کہا کہ ’’امریکہ میں رہنے کے دوران مجھے ہمیشہ ہندوستان یاد آتا رہا اور دل میں یہاں کے لوگوں کے لئے کچھ کر گزرنے کی تمنا پروان چڑتھی رہی۔ اللہ کا شکر ہے کہ میں اب اپنے وطن میں موجود ہوں اور بے سہارا لوگوں کا ’آسرا‘ تیار ہو چکا ہے۔ آج میرا خواب شرمندہ ٔ تعبیر ہوا۔ ‘‘ پروین نے مزید کہا کہ اپنے لئے تو سبھی جیتے ہیں لیکن اس زندگی میں غریبوں کے لئے اپنے ہاتھ سے کچھ کر جائیں، ان کا سہارا بنیں اس سے بڑی خوشی کی بات اور کچھ نہیں ہو سکتی ہے۔ اس موقع پر پروین نے یقین دہانی کرائی کہ تمام خطہ میوات میں کوئی بھی بزرگ اگر پریشان حال ہے، بے سہارا ہے اور اسے کھانے پینے کی تنگی ہے تو وہ بلا جھجک یہاں تشریف لا سکتے ہیں۔ ان کے کھانے پینے رہنے اور ہر طرح کی ذمہ داری ان کی رہے گی۔

واضح رہے کہ پروین بانو امریکہ جانے سے قبل میوات رائٹس واچ نامی تنظیم کے بینر تلے میوات میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے چلائی جا رہی مہم کا حصہ رہ چکی ہیں۔

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز

نوح کی ہاؤسنگ بورڈ کالونی میں قائم کئے گئے ’آسرا‘ کے افتتاح کی تقریب میں شرکت کے لئے پہنچے چیر مین ہریانہ وقف بورڈ اور پنہانہ سے رکن اسمبلی رہیسا خان نے کہا ’’سال کے پہلے دن بے سہارا لوگوں کی خدمت کے لئے چلائی جا رہی مہم کا میں حصہ بنا یہ میرے لئے خوش قسمتی کی بات ہے۔‘‘ رہیسا خان نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی ہریانہ وقف بورڈ سے ’آسرا‘ کے لئے زمین الاٹ کی جائے گی اور اس پر عمارت تعمیر کا خرچ بھی وقف کی طرف سے دیا جائے گا۔

اسلامک مشن ٹرسٹ کے کنوینر محمد ارشاد میو نے کہا کہ ’’ہم بزرگوں کو یہ احساس بھی نہیں ہونے دیں گے کہ ان کا کوئی سہارا نہیں ہے اور ان کا ہر انتظام معقول طریقہ سے کیا جائے گا۔

پروگرام کے دوران جی ڈی گوئنکا یونیورسٹی کی پروفیسر نصرت جہاں، جے این یو سے وابستہ دلیپ یادو، عرفان انصاری، اندو ککڑ، وینا سوریہ ونشی اور نسیم خان بھی موجود رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Jan 2018, 12:20 AM