تیل کی قیمتوں میں آج لگاتار دسویں روز اضافہ، کئی شہروں میں پٹرول کے دام 100 سے متجاوز
دہلی میں پٹرول کی قیمت 32 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 89.88 روپے فی لیٹر، جبکہ ڈیزل کی قیمت 32 پیسے اضافے کے بعد 80.27 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔
نئی دہلی: ملک کے عوام پر مہنگائی کی مار لگاتار جاری ہے اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ کسی صورت تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ ملک میں جمعرات کے روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دسویں روز اضافہ ہوا ہے۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت 32 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 89.88 روپے فی لیٹر، جبکہ ڈیزل کی قیمت 32 پیسے اضافے کے بعد 80.27 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔
ممبئی میں پٹرول کی قیمت 96.32 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 87.32 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ ملک کے متعدد شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں لگا تار آسمان چھو رہی ہیں۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں پٹرول 100 روپے فی لیٹر کو تجاوز کر چکا ہے۔ دریں اثنا، بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ درج کیا گیا۔ گزشتہ روز لندن ایکسچینج میں برینٹ کروڈ کی قیمت 64 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔
خیال رہے کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت ہر روز تبدیل ہوتی ہیں۔ دراصل تیل کی قیمتیں اس بنیاد پر طے کی جاتی ہیں کہ غیر ملکی زرمبادلہ کی شرح کے ساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کیا ہیں۔ اسی کو دیکھ کر تیل کمپنیاں ہر روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں طے کرنے کا کام کرتی ہیں۔ تاہم جب کوئی گاہک تیل خریدتا ہے اس میں ایکسائز ڈیوٹی بھی جڑی ہوتی ہے جو حکومت کے کھاتہ میں جاتی ہے۔ حکومت اگر چاہے تو ایکسائز ڈیوٹی کو کم کر کے تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھ سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔