اڈیشہ ٹرین حادثہ: 15 گھنٹہ بعد ختم ہوا ریسکیو آپریشن، پی ایم مودی نے کہا ’قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا‘

پی ایم مودی نے کہا کہ ’’میرے پاس اس تکلیف کو بیان کرنے کے لیے کوئی لفظ نہیں ہے، ریلوے نے اپنی پوری طاقت ریسکیو آپریشن اور ریل ٹرانسپورٹیشن کو شروع کرنے کے لیے لگا دی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر یو این آئی</p></div>

تصویر یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

اڈیشہ کے بالاسور میں پیش آئے خوفناک ٹرین حادثہ کو لے کر لگاتار آنکھیں نم کر دینے والی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ کئی خاندانوں کے چراغ بجھ گئے ہیں، تو کئی گھر والے لاپتہ رشتہ داروں کی خیر کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ اب تک 261 لوگوں کی ہلاکت کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ سینکڑوں کی تعداد میں زخمی ہوئے مسافروں کا علاج مختلف اسپتالوں میں چل رہا ہے۔ حادثہ کے 15 گھنٹے بعد ریسکیو آپریشن بھی ختم ہو گیا ہے اور ریل انتظامیہ حالات کو معمول پر لانے کی کوشش میں لگ گئی ہے۔

اس درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے موقع واردات کا دورہ کر حالات کا جائزہ لیا ہے۔ انھوں نے اسپتال پہنچ کر مریضوں سے ملاقات بھی کی۔ بعد ازاں انھوں نے کہا کہ ’’پورے ملک کی ہمدردی اس وقت ان کنبوں کے ساتھ ہے جو اپنوں سے محروم ہو گئے۔ حکومت کی پہلی ترجیح ہے کہ زیادہ سے زیادہ ریسکیو کیسے ہو۔ اسپتال میں مریضوں کو بہتر علاج کس طرح مہیا کرایا جائے، اور ٹریک کو نارمل کیسے کیا جائے۔‘‘


پی ایم مودی نے حادثہ کے تعلق سے اپنی تکلیف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بہت بڑا دردناک اور من کو جھنجھوڑ دینے والا حادثہ ہے۔ جو لوگ زخمی ہوئے ہیں ان کے علاج میں کوئی کور کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس حادثہ کی جانچ کی جائے گی اور جو بھی قصوروار پایا جائے گا اسے بخشا نہیں جائے گا۔‘‘

بہرحال، وزیر اعظم نے زخمیوں کی مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس مشکل وقت میں سبھی کی ہمدردی متاثرین کے ساتھ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میرے پاس اس تکلیف کو بیان کرنے کے لیے کوئی لفظ نہیں ہے۔ ریلوے نے اپنی پوری طاقت ریسکیو آپریشن اور ریل ٹرانسپورٹیشن کو شروع کرنے کے لیے لگا دی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔