اڈیشہ ٹرین حادثہ: صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس، وزیر ریل نے معاوضہ کا کیا اعلان

حادثہ کی خبر ملتے ہی اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک فوراً کنٹرول روم پہنچے، بعد ازاں انھوں نے کہا کہ ’’میں نے ابھی ابھی اس افسوسناک ریل حادثہ کا جائزہ لیا ہے۔ میں کل صبح جائے حادثہ کا دورہ کروں گا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>کورومنڈل ایکسپریس حادثہ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

کورومنڈل ایکسپریس حادثہ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

اڈیشہ کے بالاسور میں ہوئے ٹرین حادثہ کے بعد وہاں چیخ و پکار کا عالم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اب تک تقریباً 50 مسافروں کے ہلاک ہونے اور 200 کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ بچاؤ و راحت کاری کا عمل تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے اور ٹرین میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں بھی چل رہی ہیں۔ کورومنڈل ایکسپریس کے ساتھ پیش آئے اس دردناک حادثہ کے بعد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے بذریعہ ٹوئٹ شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر دروپدی مرمو نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’اڈیشہ کے بالاسور میں ایک افسوسناک ریل حادثہ میں لوگوں کی موت کے بارے میں جان کار بہت دکھا ہوا۔‘‘ پی ایم مودی نے اس حادثہ پر اظہارِ غم کرتے ہوئے کہا کہ ’’اڈیشہ میں ٹرین حادثہ سے افسردہ ہوں۔ تکلیف کے اس لمحہ میں میری ہمدردیاں غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کے لیے پرامید ہوں۔ وزیر ریل اشونی وشینو سے بات کی اور حالات کا جائزہ لیا۔‘‘


دراصل بہاناگا بازار اسٹیشن پر یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کورومنڈل ایکسپریس کولکاتا کے نزدیک شالیمار اسٹیشن سے چنئی سنٹرل جا رہی تھی۔ حادثہ کی خبر ملنے کے بعد اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک فوراً کنٹرول روم پہنچے۔ بعد ازاں انھوں نے کہا کہ ’’میں نے ابھی ابھی اس افسوسناک ریل حادثہ کا جائزہ لیا ہے۔ میں کل صبح جائے حادثہ کا دورہ کروں گا۔‘‘

اس درمیان مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی کورومنڈل ایکسپریس کے مال گاڑی سے ٹکرانے اور کئی ڈبے پٹری سے اترنے کی خبر پر دکھ کا اظہار کیا۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے ہیلپ لائن نمبر جاری کرنے اور بچاؤ و راحت کاری کے عمل کی جانکاری دی۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’یہ جان کر حیرانی ہوئی کہ مغربی بنگال سے مسافروں کو لے جا رہی شالیمار-کورومنڈل ایکسپریس آج شام بالاسور کے پاس ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی اور ہمارے کچھ مسافر سنگین طور پر زخمی ہو گئے۔‘‘


بہرحال، اڈیشہ میں پیش آئے ٹرین حادثہ کو لے کر مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو نے بھی شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے مہلوکین کے کنبوں کے لیے 10 لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی سنگین طور سے زخمی ہونے والے مسافروں کے لیے 2 لاکھ روپے اور معمولی طور سے زخمی مسافروں کے لیے 50 ہزار روپے معاوضہ کا اعلان کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اشونی ویشنو جائے حادثہ کے لیے روانہ بھی ہو گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔