گواہاٹی یونیورسٹی میں این ایس یو آئی کی تاریخی فتح، 5 اہم سیٹوں پر قبضہ، اے بی وی پی کا صفایا

نیرج کندن نے کہا کہ طلبا بی جے پی کی کسی غلطی کو معاف نہیں کریں گے، ہم نے وزیر اعلیٰ کے قلعہ میں گھس کر انہیں ہرایا ہے۔ جلد ہی ملک بھر سے اے بی وی پی اور بی جے پی کا صفایا کریں گے

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @NSUI
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @NSUI
user

قومی آواز بیورو

گوہاٹی: کانگریس کی طلبا یونٹ این ایس یو آئی نے گواہاٹی یونیورسٹی کے پی جی ایس یو الیکشن میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ این ایس یو آئی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اطلاع دی ہے کہ جنرل سکریٹری اور اسسٹنٹ جنرل سکریٹری سمیت 5 اہم سیٹوں پر این ایس یو آئی امیدوار فتحیاب ہوئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اے بی وی پی امیدواروں نے کو ایک بھی سیٹ پر کامیابی حاصل نہیں ہوئی اور یہاں اس کا صفایا ہو گیا۔

اس جیت پر این ایس یو آئی نے کہا کہ طلبا بی جے پی کی کسی غلطی کو معاف نہیں کریں گے، طلبا نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے قلعہ میں گھس کر بی جے پی کو شکست فاش دی ہے۔ طلبا تنظیم کے امتحان میں جنرل سکریٹری عہدہ پر بِکی سرما، اسسٹنٹ سکریٹری کے عہدہ پر رشمی کالیتا، سوشل سکریٹری عہدہ پر بیشوب میڑھی، گیم سکریٹری عہدہ پر گنیش بڑو اور لٹریری سکریٹری کے عہدہ پر گیاینا پرتیم دیو نے فتح حاصل کی ہے۔


اس تاریخی جیت پر این ایس یو آئی کے قومی صدر نیرج کندن نے کہا کہ ’’گوہاٹی یونیورسٹی میں این ایس یو آئی کی تاریخی جیت کے لئے میں آسام این ایس یو آئی کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ کیمپس سے ٹوئٹر تک طلبا کا جوش و خروش واضح اشارہ کر رہا ہے کہ طلبا نے ان کی مخالف حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا ارادہ کر لیا ہے۔‘‘

نیرج کندن نے کہا، ’’طلبا بی جے پی کی کسی غلطی کو معاف نہیں کریں گے، ہم نے وزیر اعلیٰ کے قلعہ میں گھس کر انہیں ہرایا ہے۔ جلد ہی ملک بھر سے اے بی وی پی اور بی جے پی کا صفایا کریں گے اور راہل گاندھی کی آواز کو بلند کریں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔